Saturday, 21 September 2024


وزارت پٹرولیم کی غیرترقیاتی اخراجات کے لیے 87کروڑمختص کرنے کی تجویز

ایمز ٹی وی(بزنس)وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے افسران و ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات سمیت غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے کروڑوں روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے، وزارت پٹرولیم اور اس کے ذیلی اداروں کے لیے مجموعی طور پر 87 کروڑ سے زائد کے غیر ترقیاتی بجٹ کو مختص کرنے کی سفارش کی گئی جس میں پٹرولیم اور قدرتی وسائل ڈویژن کے لیے 34 کروڑ، جیولوجیکل سروے کے لیے 44کروڑ روپے اور دیگر اخراجات کے لیے 8 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق پٹرولیم اور قدرتی وسائل ڈویژن کے لیے 34کروڑ 74لاکھ 84ہزار روپے مختص کیا جائے گا جس میں تنخواہ و مراعات کی مد میں 23کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ مرمتی و تزئین و آرائش کی مد میں 85لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ جیولوجیکل سروے کے لیے 44 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں افسران و ملازمین کی تنخواہوں و مراعات کے لیے 35کروڑ 64لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ آپریشنل اخراجات کے لیے 6 کروڑ سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ملازمین کے ریٹائرمنٹ بینیفٹس کے لیے 74 لاکھ روپے،گرانٹس سبسڈیز اور رائٹ آف لانز کے لیے 30لاکھ روپے، ٹرانسفرز کے لیے 2 لاکھ 41 ہزار روپے، فزیکل ایسیٹ کے لیے 81لاکھ روپے، مرمت و آرائش کے لیے 84 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، پٹرولیم اور قدرتی وسائل ڈویژن کے دیگر اخراجات کے لیے 8 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں ملازمین کے متعلقہ اخراجات سمیت دیگر شامل ہیں۔

Share this article

Leave a comment