Saturday, 21 September 2024


اب اپنا چوری ہوجانے والا اسمارٹ فون ناکارہ بنائیں

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)اینڈروئیڈ فون کے چوری یا گم ہو جانے کی صورت میں اگر اس پر انٹرنیٹ چلتا رہے تو گوگل سے نہ صرف اس کا موجودہ مقام جانا جا سکتا ہے بلکہ اس میں موجود اپنا تمام ڈیٹا بھی حذف کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود فون کو استعمال کرنے کے قابل رہتا ہے کیونکہ یہ آپشن صرف صارف کا ذاتی ڈیٹا حذف کرتا ہے اوراس میں موجود آپریٹنگ سسٹم بدستور کام کرتا رہتا ہے۔

لیکن اب گوگل نے چوری شدہ فون کو بالکل ناکارہ بنانے کے لیے ایک نئے نظام پر کام کرنا شروع کردیا ہے۔ اس نئے فیچر کے تحت گوگل اینڈروئیڈ میں ایسی سہولت دینا چاہتا ہے جس سے اینڈروئیڈ صارفین اپنے چوری شدہ فون کو بالکل ناکارہ بنا سکیں گے۔

اس نئے فیچر کو ’’کل سوئچ‘‘ یعنی موت کا بٹن کہا جائے گا۔ جب صارف اس آپشن کو استعمال کرے گا تو صرف اس کا ذاتی ڈیٹا ہی نہیں بلکہ فون میں آپریٹنگ سسٹم یعنی اینڈروئیڈ کی تمام فائلز بمع بوٹ وریکوری ڈرائیو سب کچھ ختم ہو جائے گا۔ یعنی جب کسی اینڈروئیڈ صارف کا فون چوری یا گم ہوجائے اور اسے محسوس ہو کہ اب وہ اپنا فون کبھی نہیں دیکھ پائے گا تو اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے وہ اپنے فون کو ایک ناکارہ فون میں بدل سکے گا۔

اس زبردست آپشن کے تحت چوروں کے لیے اینڈروئیڈ فون چوری کرنا اب گھاٹے کا سودا ثابت ہو گا کیونکہ کل سوئچ کے ذریعے اینڈروئیڈ فون ایک کھلونا فون سے بھی بدتر ہو جائے گا۔

Share this article

Leave a comment