Monday, 23 September 2024


دنیا کے بہترین اسپتالوں میں پاکستان کاکونسا نمبر؟

ایمز ٹی وی(صحت)اسپتالوں کی رینکنگ کے عالمی ادارے ’’رینکنگ ویب آف ورلڈ ہاسپیٹل‘‘ نے سرکاری اسپتالوں کی رینکنگ جاری کی ہےجس کے مطابق پاکستان کا کوئی اسپتال بھی دنیا کے ساڑھے5 ہزار بہترین اسپتالوں میں بھی شامل نہیں جب کہ جنوبی ایشیا کے 20 بہترین اسپتالوں میں بھارت کے 19 اور بنگلا دیش کا اسپتال شامل ہے تاہم پاکستان کا ایک اسپتال بھی ان ٹاپ ٹونٹی میں شامل نہیں ہے۔ عالمی سطح پر جاری کردہ اس رینکنگ میں پاکستان کے لیے انتہائی شرمندہ کر دینے والی صورتحال ہے اور پاکستان کا بہترین پمز اسپتال بھی دنیا میں 5 ہزار 911 نمبر پر ہے۔

ویب آف ورلڈ ہاسپٹلز کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق اسلام آباد کا پمز اسپتال پاکستان کا سب سے بہترین اسپتال ہے جس کے بعد لاہور کا جناح اسپتال اچھے اسپتالوں میں شامل ہے جب کہ سروسز اسپتال تیسرے نمبر پر ہے۔ رینکنگ کے مطابق پاکستان میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لحاظ سے چوتھا نمبر پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا ہے۔

واضح رہے کہ ادارہ کی جانب سے یہ درجہ بندی اسپتال میں موجود سہولیات، میڈیکل ایکوپمنٹ، اسپیشلسٹس کی تعداد، صفائی کے معیار سمیت اس بات پر دی جاتی ہے کہ اسپتال کے ساتھ کتنے اسکالرز تحقیق کر رہے ہیں جب کہ یہ رینکنگ اس قدر اہمیت کی حامل ہے کہ عالمی بینک، عالمی ادارہ صحت اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک اسی کی بنیاد پر گرانٹس اور فنڈز جاری کرتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment