لاہور :لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے کے طریقہ کیخلاف درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کردیا
جسٹس جواد حسن نے پرائیویٹ میڈیکل کالج کو طلباء کے مشروط طور پر داخلے کرنیکی اجازت دیدی ۔عدالت نے قرار دیا کہ عدالت کو میڈیکل کے طلبائکا مستقبل زیادہ عزیز ہے ،میڈیکل کالج پراسپیکٹس پر مشروط طور پر طلباء کے داخلے کرنے کی اجازت ہے ، درخواست کے فیصلے تک طلباءکے داخلوں کے عمل کو حتمی شکل نہ دی جائے ،عدالت نے فریقین کے وکلائکو 9 نومبر کو مزید بحث کیلئے طلب کر لیا۔
اسلام آباد: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نےخبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ ایچ ای سی سے لئے گئے فنڈز بوائز ہاسٹل،سپورٹس جمنازیم و دیگر جگہ استعمال ہو رہےہیں۔
ذرائع کے مطابق قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کےجمان کا کہنا ہےکہ ترقیاتی فنڈز کی واپسی سمیت انجینئرنگ فیکلٹی منصوبے سے ایک پائی بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کو واپس نہیں کی گئی ، ایچ ای سی سے لئے گئے فنڈزبوائز ہاسٹل ، فیکلٹی آف انجینئرنگ ،سپورٹس جمنازیم سمیت غذر،ہنزہ اور دیامر کیمپس کی توسیع میں استعمال ہورہے ہیں جبکہ انجینئرنگ فیکلٹی منصوبہ کی زمین کا تنازع کافی پہلے پیدا ہوا تھا جسے خوش اسلوبی سے حل کیاگیااوراس وقت بہترین انداز میں منصوبے پر کام جاری ہے اورمتعلقہ منصوبوں کے ٹھیکیداروں کو وقتاً فوقتاً ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔
اسلام آباد: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری کی زیرِ صدارت تمام صوبوں کے جامعات کے وائس چانسلرزکا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے جامعات کے سر براہان کوعالمی وبا کوروناکی دوسری لہر سے بچائو کے لئے ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کراتے ہوئے آپس میں رابطے میں رہیں اور ایک دوسرے سے کوویڈ 19سے بچائو کے لئے کئے گئے طریقہ کار کا تبادلہ بھی کریں ،
گزشتہ روز وائس چانسلرز کے اجلاس میں چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں وبا کے خطرے کے پیش نظرجامعات کو اپنی استعداد کار بڑھانا ہوگی۔کورونا سے نمٹنے کی اس کوشش میں ہمیں طلبہ کو اپنا شریک کار بنانا ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایچ ای سی انٹرنیٹ کنیکٹوٹی (Internet Connectivity)کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ رابطے کو جاری رکھے گا۔
جامعات کے سربراہان نے ضلعی انتظامیہ اور شعبہ صحت کے حکام کی طرف سے تعاون پر تسلی کا اظہار کیا اور ان کے متعلقہ کیمپسز میں کیے جانے والے رینڈم ٹیسٹس کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔
وائس چانسلرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومت اور ایچ ای سی کے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ کرونا کے دوبارہ پھیلائو کا تدارک کیا جاسکے ۔
مانیٹرنگ ڈیسک : انسٹاگرام کے صارفین ہوجائیں تیار ، انسٹاگرام کی انتظامیہ نے ویڈیو کے آپشن کو بہتر بنانے کا کام مزید تیز کردیا اور متعددتبدیلیوں کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان میں سب سے بڑی تبدیلی لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بڑھا کر 4 گھنٹے کرنا ہے۔لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دورانیے میں اضافے کا فیچر دنیا کے بھر میں انسٹاگرام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق لائیو اسٹریم کے دورایے میں اضافے سے صارفین کو اپنی برادری سے جڑنے کا زیادہ موقع مل سکے گا۔
اس کے علاوہ صارفین پرائیویٹ آرکائیوز میں اپنی لائیو اسٹریمز کو اسی طرح دیکھ سکیں گے تاہم 30 دن بعد یہ ویڈیوز آرکائیو سے غائب ہوجائیں گی۔
انسٹاگرام گرام کی جانب سے آئی جی ٹی وی میں لائیو ناؤ کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے جہاں لوگ لائیو اسٹریمنگ پر مبنی مواد کو تلاش کرسکیں گے۔
ان فیچرز سے اندازہ ہوتا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے لائیو اسٹریمنگ پر زیادہ زور دیا جارہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران اس کے استعمال کی شرح بڑھ گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کو توقع ہے کہ لائیو ویڈیوز سے لوگ زیادہ وقت ایپ میں گزاریں گے کیونکہ یہ لائیو مواد لوگ کسی اور جگہ نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس وقت لائیو اسٹریمنگ کے متعدد پلیٹ فارمز موجود ہیں مگر انسٹاگرام ان کے مقابلے میں سبقت حاصل کرنا چاہتی ہے۔
اسلا م آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہےکہ کورونا کی تازہ صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے کورونا پھیلاؤ کا باعث نہیں بن رہے جب کہ سب سے زیادہ ریسٹورینٹس، شادی ہالز اور بڑی مارکیٹیں کورونا پھیلاؤ کاباعث بن رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی ہر روز کورونا کی صورتحال پر نظر رکھتی ہے، ستمبر میں کورونا کی شرح 1.7 سے 1.8 فیصد تھی جس میں بتدریج اضافہ ہوا اور 72 دنوں میں کورونا کی شرح 3 فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے احتیاط نہ کی تو کورونا صورتحال خراب ہوسکتی ہے، کوشش ہے کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے سے پہلے اقدامات کرلیے جائیں، ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی تھی، این سی او سی کی کورونا صورتحال پر نظر ہے، اگر مزید سخت اقدامات کرنا پڑے تو کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے قانون میں تبدیلی کرنا پڑی تو کریں گے لیکن فی الحال ایسی صورتحال نہیں کہ قانون میں تبدیلی کرنا پڑے۔
پشاور: خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے جس کے بعد صوبے اس وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا میں ڈاکٹروں کی صوبائی تنظیم پرویژنل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خیبر کالج آف ڈینٹسڑی کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر سلطان زیب کورونا وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے ہیں، وہ گزشتہ کچھ روز سے حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں زیر علاج تھے۔
پرویژنل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر سلطان زیب کو خراج عقیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈاکٹر سلطان زیب کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران ڈاکٹرز کی خدمات قابل ستائش ہیں، شہری کورونا وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ کورونا سے اب تک خیبر پختونخوا میں 20 ڈاکٹرز جاں بحق ہوچکے ہیں
کوئٹہ: نامعلوم افراد نے بلوچستان کے علاقے بلیدہ میںجھونپڑی نما پرائیوٹ اسکول کو آگ لگادی
لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم افراد نے بلیدہ کے علاقے گلی کوچگ میں جھوپڑی میں قائم پرائیوٹ اسکول کو آگ لگادی جس کے نتیجے میں سامان جلاکر راکھ ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اطلاع ملنے پر لیویز اور فائر بر گیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا
، تعلیمی سرگرمیاں کمروں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جھونپڑیوں میں مقامی سماجی کارکن و رضاکار کی مدد سے تعلیم دی جاتی تھی
اسکول جلانے کے واقعے کو تعلیمی و سماجی حلقوں نے اسکول جلانے کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکام بالا سے مطابلہ کیا کہ وہ تعلیم دشمنوں کا قلع قمع کرکے علاقے کو تباہی سے بچائے۔
اسلام آباد: احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کیلئے درخواست وصولی کی تاریخ میں توسیع کردی گئی.
احساس انتظامیہ کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سال 2020-21 کے لئے 30 نومبر 2020 تک درخواستیں جمع کروانے کے لئے آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا ہے
ملک کی متعدد سرکاری یونیورسٹیوں میں داخلے میں کویڈ19کے باعث تاخیر کے پیش نظراحساس اسکالرشپ درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ انڈرگریجویٹ طلباء کو اس اسکالرشپ کےلئے موقع فراہم کیا جا سکے۔ 5 ستمبر 2020 کو آن لائن ایپلیکیشن پورٹل دوبارہ کھولنے کے بعد سے اب تک سسٹم میں 30،000 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
جاری کردہ بیان میں احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ موجودہ حکومت کا ایک اہم پروگرام ہے جس کا مقصد ہے کم آمدنی سےوالے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو اپنی تعلیم کے دوران وظائف مہیا کرنا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعہ تسلیم شدہ پبلک سیکٹر کی 125 یونیورسٹیاں اس اقدام کا حصہ ہیں۔
احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ کم آمدنی والے خاندانوں (45،000 روپے ماہانہ سے کم)سے تعلق رکھنے والے طلباء کی انڈرگریجویٹ تعلیم میں معاون ثابت ہوں۔ اہل طلبہ آن لائن اس پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں ۔
اس سے قبل ، اسکالرشپ کی درخواستیں آن لائن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ، 2020تھی۔
کیلیفورنیا: امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ نے اپنے خلائی جہازوں سے ریکارڈ کی ہوئی مختلف خلائی آوازوں کا انتخاب ایک پلے لسٹ کی شکل میں ساؤنڈ کلاؤڈ پر جاری کردیا ہے۔
یہ آوازیں اگرچہ خوفزدہ کرنے والی تو نہیں لیکن عجیب و غریب ضرور ہیں جنہیں سن کر یوں لگتا ہے جیسے کوئی چیز ٹوٹ رہی ہو، کھڑکھڑا رہی ہو یا پھر کوئی خلائی مخلوق سیٹیاں بجا رہی ہو۔
ان میں مشتری کے دبیز بادلوں اور مریخی زلزلوں کی حقیقی آوازوں کے علاوہ چندرا ایکسرے خلائی دوربین، وائیجر اوّل خلائی جہاز اور پلانک سیارچے وغیرہ کے ریکارڈ کیے ہوئے ریڈیو سگنلز کو قابلِ سماعت آوازوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آواز کو سفر کرنے کےلیے مادّی واسطے کی ضرورت ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آواز کی لہریں خلا میں سفر نہیں کرسکتیں۔ البتہ برقی مقناطیسی لہریں (الیکٹرو میگنیٹک ویوز) بڑی سہولت سے، تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے، سفر کرسکتی ہیں۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کی رجسٹریشن 21-2020اور نئے اسکول کی رجسٹریشن کےلئے درخواست فارم جمع کرانے کانیا شیڈول جاری کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ کے سیکرٹری سید محمد علی شائق نے اسکولوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق فارم بورڈ آفس کے متعلقہ اکاؤنٹس سیکشن سے سکیرٹری بورڈ کے نام فارم کی قیمت کی مالیت کے پے آرڈر کے ذریعے حاصل کرکے 13 نومبر 2020 تک بغیر لیٹ فیس کے اپنے اتھارٹی لیٹر اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ساتھ جمع کرواسکتے ہیں جبکہ پہلے سے الحاق شدہ اسکول اپنی رجسٹریشن رسید کی فوٹو کاپی کے ساتھ جمع کروائیں گے
اس ضمن میں واضح کیا گیاہے کہ 16 نومبر 2020 سے شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ فارم وصول کئے جائیں گے اور بغیر لیٹ فیس کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی