بدھ, 01 مئی 2024


ایشوریا رائے شاعرہ بن گئیں

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کا ٹیزر جاری ہوتے ہی مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گیا۔ بالی ووڈ کے اداکاروں سمیت شائقین بھی بے چینی سے فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔

فلم میں انوشکا، رنبیر اور ایشوریا کے کردار کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ عام تصور کے مطابق یہ ان تینوں کے درمیان محبت کی وہی روایتی تکون ہے جو تقریباً ہر دوسری بالی ووڈ فلم میں نظر آتی ہے۔

تاہم شائقین ایشوریا اور انوشکا کے کرداروں کے بارے میں متجسس ہیں کہ یہ دونوں فلم میں کون سا کردار ادا کرنے جا رہی ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کا دعویٰ ہے کہ فلم کے ڈائریکٹر کرن جوہر نے کرداروں کے بارے تھوڑی سی معلومات دی ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق فلم میں ایشوریا نے ایک شاعرہ کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ شاعروں کے حلقہ میں ان کی شہرت کچھ اچھی نہیں اور انہیں پسندیدگی کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا۔

کرن جوہر کا کہنا ہے کہ ایشوریا نے ایسا کردار اس سے پہلے کبھی نہیں کیا اور اس فلم میں وہ اپنی فن کی بلندیوں پر نظر آئیں گی۔

دوسری طرف انوشکا ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جس کا تعلق ایک بکھرے ہوئے خاندان سے ہے۔

فلم کے ٹیزر اور ٹائٹل سانگ کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔ بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بھی گانا بے حد پسند آیا جس کا اظہار انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ کیا۔

کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ دیوالی کے موقع پر 28 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment