منگل, 05 نومبر 2024


جیمز بانڈ جزیرے پر فلمائی جانے والی پہلی پاکستانی فلم

 

ایمز ٹی وی( انٹرٹینمنٹ) خوبصورت جگہوں پر فلم کی شوٹنگ کرنا اب ہر پاکستانی فلم کا بھی اہم حصہ بن چکا ہے، اور آنے والی فلم 'جیک پاٹ' اس کی بڑی مثال ہے۔ فلم 'جیک پاٹ' کے پروڈیوسر خرم ریاض نے اپنی آنے والی فلم کے حوالے سے بتایا کہ 'یہ ایک میوزیکل کامیڈی فلم ہے، جو ایک لاٹری کے ٹکٹ کے گرد گھومتی ہے جو ایک شخص کے کوٹ کی جیب میں آجاتا ہے، اور یہیں سے اس فلم کا پاکستان سے تھائی لینڈ تک کے سفر کا آغاز ہوتا ہے، جہاں فلم کے کردار ایک لاٹری کے ٹکٹ کے پیچھے ایک سے دوسرے ممالک بھاگ رہے ہوں گے'۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہی لیے اس فلم کا نام 'جیک پاٹ' رکھا گیا۔ ہدایت کار کے مطابق اس فلم کا پہلا حصہ تھائی لینڈ میں فلمایا جاچکا ہے، جبکہ تھائی لینڈ کے شاندار جزیرے کورل آئی لیںڈ اور جیمز بانڈ آئی لینڈ پر بھی فلم کی شوٹنگ کی جائے گی، جس کے بارے میں ہدایت کار نے فخریہ طور پر بتایا کہ یہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی جو جیمز بانڈ جزیرے پر فلمائی جائے گی۔ اس فلم میں ہندوستانی سینمیٹوگرافر انوبھو بنسل کو بھی شامل کیا گیا ہے، فلم کی کہانی بابر کشمیری نے تحریر کی، فلم کے میوزک ڈائریکٹر نوید ناشاد ہیں۔ فلم میں پاکستان کے معروف اداکار جاوید شیخ بھی مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اس حوالے سے خرم ریاض کا کہنا تھا کہ فلم میں جاوید شیخ ڈان کا کردار کریں گے اور اس سے قبل انہیں ایسے کردار میں دیکھا نہیں گیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں نور حسن، صنم چوہدری، عنایت خان، عدنان شاہ، بیحانا ملہوترا، فائزہ خان اور اسماعیل تارا شامل ہیں۔ فلم 2017 کے آغاز میں ریلیز کی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment