منگل, 16 اکتوبر 2018


دبنگ خان کی ریس 3 کا ٹریلر جاری

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی ایکشن تھرل فلم ’ریس تھری‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ بالی ووڈ کی تھرل اور ایکشن سے بھرپور فلم سیریز ’’ریس‘‘ کے تیسرے سیکوئل کا مداحوں کو بے چینی سے انتظار ہے کیوں کہ فلم میں سلمان خان کی انٹری نے مداحوں کی دلچسپی کو بڑھا دیا ہے جب کہ سلو میاں نے چند روز قبل ٹریلر جلد ہی ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا جو اب کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا روپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ خان کی ایکشن تھرل فلم ’ریس تھری‘ کے تیسرے سیکوئل کا ٹریلر طویل انتظار کے بعد جاری کیا گیا جس کے ابتداء میں ہی سلمان خان کو بلند و بالا عمارت پر کھڑا دکھایا گیا ہے جس میں سلو میاں یہ کہہ رہے ہیں کہ ’زندگی کی ریس کسی کی زندگی لے کر ہی ختم ہوگی‘۔
ٹریلر میں فلم میں موجود تمام کرداروں کے ایکشن کو ڈائیلاگ کے ساتھ دکھایا گیا ہے جب کہ دبنگ خان کی ہر فلم کی طرح اس فلم کے ٹریلر میں بھی ڈائیلاگ کو خصوصی اہمیت دی گئی جب کہ سلمان کا ایک ڈائیلاگ ’جس ریس سے مجھے نکالنے کی بات کر رہے ہیں یہ بے وقوف اُس ریس کا سکندر میں ہوں‘ قابل تعریف ہے۔
بالی ووڈ سلطان کا بھی فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ جب میں نے فلم ’ریس‘ اور ریس ٹو‘ دیکھی تو مجھے بلکل بھی پسند نہیں آئی کیوں کہ مجھے ایسے کردار بلکل بھی پسند نہیں جو خود غرضی اور دولت کے لئے ایک دوسرے سے لڑتے دکھائے جاتے ہیں۔ اس طرح کی فلموں سے مجھے ہمیشہ ہی الجھن ہوتی ہے مگر فلم کے تیسرے سیکوئل میں میرا کردار ان منفی کرداروں کے برعکس ہے۔
واضح رہے کہ معروف کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ریس تھری‘ میں جیکولین کے علاوہ انیل کپور، بوبی دیول اور ثاقب سلیم بھی دکھائی دیں گے جب کہ فلم 15 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment