اتوار, 05 مئی 2024


موسیقی کے میدان میں پاکستانیوں نے دھوم مچائی،سلمیٰ آغا

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ)شہنشاہ غزل مہدی حسن، اقبال بانو، فریدہ خانم ، غلام علی ، پرویزمہدی، غلام عباس سمیت دیگرغزل گائیکوں نے جس طرح سے اس شعبے کو دنیا بھرمیں انمول بنایا ہے، اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہارگلوکارہ واداکارہ سلمیٰ آغا نے ”ایکسپریس“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک فنکار کے لیے یہ سب سے خوشگوار لمحات ہوتے ہیں جب وہ کسی بھی پروگرام میں پرفارم کرنے کے لیے جائے تو وہاں پر اس کا کھڑے ہو کر استقبال کیا جائے۔ میرے نزدیک اس سے بڑا کوئی دوسرا ایوارڈ نہیں ہوسکتا۔

انھوں نے کہا کہ فن موسیقی میں غزل کو ایک خاص مقام حاصل رہا ہے۔ معروف شعراءکرام کے کلام کولوگوں تک پہنچانے میں غزل گائیکوں نے اہم کردارادا کیا۔ جس طرح سے انھوں نے سچے سروں کے ذریعے کلام کوپیش کیا، اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کی نوجوان نسل بھی غزل سننے کے لیے بے تاب دکھائی دیتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سلمیٰ آغا نے کہا کہ میں خود کوبہت خوش نصیب سمجھتی ہوں کہ مجھے عظیم غزل گائیکوں کوسننے اوران کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔

ان عظیم فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کے بل پرپاکستان اورغزل کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، جس پرمجھ سمیت ہرایک پاکستانی کوفخر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں بھارت میں ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ میوزک کے ایک بڑے پروجیکٹ پرکام کررہی ہوں، اس میں موسیقی کی کون کون سی صنف شامل کی جائے گی، وہ سب کے لیے سرپرائز ہوگا ، مگرمجھے امید ہے کہ جب یہ پروجیکٹ مارکیٹ میں آئے گا تواچھا اورمنفرد میوزک سننے والوںکی توجہ کا مرکز بنے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment