اتوار, 22 دسمبر 2024


زیادہ ٹی وی دیکھنے موت واقع ہونے کا خطرہ

ایمزٹی وی(صحت)جاپانی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ ڈھائی گھنٹے سے زیادہ ٹی وی دیکھنے والوں کے پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑے جمنے سے موت واقع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ جاپانی سائنس دانوں کی جانب سے ایک طویل مطالعہ کیا گیا جو تقریبا 20 سال تک جاری رہا جس میں 40 سے 79 سال تک کے 86 ہزار مردو خواتین کے روزانہ ٹی وی دیکھنے کے دورانیے اور عمومی صحت کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

مطالعے میں انکشاف ہوا کہ وہ لوگ جو روزانہ ڈھائی سے 5 گھنٹے تک ٹی وی دیکھتے ہیں ان کے پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑے جمنے کے باعث ہلاک ہونے کا امکان 70 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ روزانہ ٹی وی دیکھنے کے دورانیے میں ہر 2 گھنٹے کے اضافے پر اس طرح سے ہلاکت کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ سب سے زیادہ خطرہ یعنی 250 فیصد ان لوگوں کے لیے ہے جو روزانہ 5 گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھتے ہیں۔

اچھی خبر یہ ہے کہ اس خطرے کو ٹی وی دیکھتے دوران وقفے وقفے سے کھڑے ہوکر پٹھوں کو حرکت دینے اور ٹانگوں کو تھوڑی دیر تک پھیلانے اور سکیڑنے کی ہلکی پھلکی ورزش کرکے ختم کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑے جمنے کی ظاہری علامات میں سینے کا درد اور سانس لینے میں دشواری وغیرہ شامل ہیں جو دیگر امراض کی علامتوں سے بہت مشابہت رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک کے مطالعات میں (بہت زیادہ ٹی وی دیکھنے کے حوالے سے) یہ پہلو نظر انداز ہوتا آرہا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment