بدھ, 01 مئی 2024


انسانی لالچ پوری دنیا کو تباہ کردے گی

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)دنیا کے ممتاز ماہرِ طبیعیات اسٹیفن ہاکنگ کا کہنا ہےکہ دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے اور انسانی لالچ پوری دنیا کو تباہ کردے گی۔ کائنات کے گتھیاں سلجھانے والے ممتاز ماہرِ کونیات اور کیمبرج یونیورسٹی میں ریاضی کے پروفیسر اسٹیفن ہاکنگ نے خبردار کیا ہےکہ انفرادی اور ملکی سطح پر دولت کی غیرہموار تقسیم ہمارے عہد کا سب سے خوفناک مسئلہ ہے، دولت سے پیدا ہونے والی اجنبیت نے ہی برطانیہ کو یورپی یونین سے باہر کیا ہے۔

اسٹیفن ہاکنگ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح امراض، غذائی قلت اور بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے عین اسی طرح دولت کا چند ہاتھوں میں اکٹھا ہونا بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے کیونکہ دنیا دولت کو ہموار انداز میں تقسیم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگریہ سلسلہ جاری رہا تو میں انسان کے طویل مستقبل کے بارے میں کچھ زیادہ پُرامید نہیں۔ ممتاز سائنسداں نے مصنوعی ذہانت یا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو بھی انسانیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت قابو سے باہر ہوکر بگڑگئی تو اسے روکنا مشکل ہوجائے گا، اس لیے مصنوعی ذہانت کو محتاط دائرے میں رکھنا ہوگا۔

اس سے قبل اسٹیفن ہاکنگ نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ آلودگی، لالچ، احمقانہ رویہ اور آبادی کی بہتات اس سیارے کے لیے بڑے خطرات ہیں، یقینی طور پر ہم نے نہ لالچ کم کی ہے اور نہ ہی اپنا احمقانہ رویہ بدلا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment