جمعہ, 03 مئی 2024


دنیا کا پہلا ٹیرابائٹ گنجائش والا ایس ڈی کارڈ پیش کردیا گیا

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) میموری کارڈز بنانے والی مشہور کمپنی ’’سین ڈسک‘‘ (SanDisk) نے دنیا کے پہلے 1 ٹیرابائٹ یعنی 1024 گیگابائٹ گنجائش والے ایس ڈی کارڈ کا پروٹوٹائپ پیش کردیا ہے۔ ایک ٹیرابائٹ کا یہ ایس ڈی میموری کارڈ بطورِ خاص 4K، 8K اور ورچوئل رئیلیٹی ویڈیوز کےلئے گنجائش کے مسلسل بڑھتے ہوئے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ہاف ایچ ڈی اور ایچ ڈی ویڈیوز کے مقابلے میں مذکورہ اقسام کی ویڈیوز کو فی سیکنڈ کئی گنا زیادہ ڈیجیٹل میموری درکار ہوتی ہے۔ یہ میموری کارڈ آئندہ اسمارٹ فونز کی ڈیٹا اسٹوریج صلاحیت میں بھی غیرمعمولی اضافہ کردے گا لیکن ساتھ ہی ساتھ ایچ ڈی، فور کے، ایٹ کے اور وی آر ویڈیوگرافی میں ا ستعمال ہونے والے کیمروں کو بھی اس سے بہت فائدہ ہوگا اور ان میں اعلی معیار کی حامل، کئی گھنٹوں جتنی طویل ویڈیوز محفوظ کی جاسکیں گی۔

سین ڈسک کے جاری کردہ بیان میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ ایک ٹیرابائٹ کا مذکورہ ایس ڈی کارڈ کب دستیاب ہوگا لیکن اس شعبے سے وابستہ ماہرین و ناقدین کا خیال ہے کہ اس کی کم سے کم تعارفی قیمت 300 ڈالر یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے یعنی یہ بہت مہنگا ہوگا۔ لیکن اس کی زبردست گنجائش کو دیکھتے ہوئے شاید یہ کوئی مہنگا سودا ثابت نہ ہو کیونکہ ایک بار خریدنے کے بعد یہ صارف کو لمبے عرصے تک کسی نئے میموری کارڈ کی خریداری سے بے نیاز کردے گا۔ واضح رہے کہ ’’ٹیرابائٹ‘‘ (Terabyte = TB) ڈیجیٹل یادداشت کا پیمانہ ہے اور ایک ٹیرا بائٹ میں 1024 گیگابائٹ ہوتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment