ھفتہ, 27 اپریل 2024


ڈیٹا کیبل اور چارجر کا زمانہ گیا، اب اپنا موبائل فون کپڑوں سے چارج کریں


ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی ماہرین نے بار بار موبائل فون چارج کرنے سے تنگ افراد کی یہ مشکل آسان کرتے ہوئے ایسا اسمارٹ لباس تیار کیا ہے جو موبائل فون کو بھی چارج کرسکتا ہے۔ اگرچہ اس سے قبل بھی بجلی پیدا کرنے والے لباس اور کپڑے منظرِ عام پر آتے رہے ہیں لیکن اب چین کی جینان یونیورسٹی نے ایسا پارچہ تیار کیا ہے جسے کاٹا اور سیا جاسکتا ہے اور وہ سورج کی روشنی جذب کرکے بجلی بناتا ہے۔ چینی انجینئروں نے 2 طرح کا کپڑا بنایا ہے جن میں ایک میں ٹائٹانیئم یا مینگنیز پالیمر کو زند آکسائیڈ اور ایک الیکٹرولائٹ ( برقیرہ) لگایا ہے۔ اس کے بعد پالیمر کو تانبے سے ڈھانپا گیا ہے جو سولر (شمسی) سیل کا کام کرتا ہے۔

دوسرے قسم کے کپڑے میں ٹائٹانیئم اور ٹائٹانیئم نائٹریٹ، کاربن کی پتلی تہہ اور ایک الیکٹرولائٹ شامل کیا گیا ہے۔ اس پارچے کو عام کپڑے کے ساتھ بہ آسانی سیا جاسکتا ہے۔ اس طرح ان پارچوں سے کپڑے بنا کر ان سے بجلی حاصل کرکے اس سے چھوٹے آلات مثلاً ٹیبلٹ، فون اور ایم پی تھری پلیئرز چارج کیے جاسکتے ہیں اور اسے کپڑے کی بجائے ’’سیا جانے وانے والا ایک آلہ‘‘ قرار دیا جارہا ہے۔
اس کپڑے کو بنانے والے انجینئر کا کہنا ہےکہ اسے بڑے پیمانے پر کسی کارخانے میں آسانی سے تیار کیا جاسکتا ہے، اس سے اسمارٹ فون کےعلاوہ کھال پر چپکنے والے طبی آلات کو بہت سہولت سے چارج کیا جاسکتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment