ھفتہ, 04 مئی 2024


واٹس ایپ کے صارفین کے لیے خوشخبری۔۔۔ انتظار کی گھڑیاں ختم

واٹس ایپ نے ترقی کی جانب ایک اور قدم بڑھا دیا ہے اور بالآخر وہ فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کا صارفین کو بے صبری سے انتظار تھا۔ واٹس ایپ نے دنیا بھر کے کروڑوں صارفین کیلئے ویڈیو کالنگ فیچر متعارف کرا دیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی کے برعکس کے یہ فیچر ایک ہی وقت میں آئی فون، اینڈرائڈ اور ونڈوز صارفین کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انہیں واٹس ایپ پر ویڈیو کال فیچر مہیا کر دیا گیا ہے تاہم ان افراد کی تعداد بہت کم تھی اور کمپنی نے اس فیچر کو تجرباتی بنیادوں پر فراہم کیا تھا لیکن اب باضابطہ طور پر تمام صارفین کو یہ فیچر فراہم کر دیا گیا ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے اور کسی بھی چیٹ ونڈو میں اوپر دائیں کونے پر دئیے گئے فون کے آئیکون کو دبانا ہے جس کو دباتے ہی ’آڈیو‘ اور ’ویڈیو‘ کالز کی دو آپشن سامنے جائیںگی، مطلوبہ آپشن سلیکٹ کریں اور اپنے پیاروں سے گفتگو کے مزے اٹھائیں۔

ویڈیو کال کے دوران اگلے اور پیچھے کیمرے کے انتخاب اور مائیک بند کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوتی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس فیچر کا انٹرفیس آئی فون اور اینڈرائڈ صارفین کیلئے تھوڑا بہت مختلف ہے تاہم دونوں کا استعمال انتہائی آسان ہے۔ ماہرین کے مطابق واٹس ایپ نے ویڈیو فیچر متعارف کرا کر فیس بک کے مسینجر، سکائپ، ایپل کے فیس ٹائم، وائب، لائن اور گوگل کی حال میں ہی لانچ ہونے والی ایپلی کیشن ”ڈوو“ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

اس وقت سوشل ایپلی کیشنز میں سے واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ایسے لوگ جو چیٹنگ کیلئے تو واٹس ایپ استعمال کرتے تھے لیکن ویڈیو کالنگ کیلئے کسی دوسری ایپلی کیشن کا سہارا لیتے تھے، وہ بھی اب واٹس ایپ پر ہی اس سہولت سے مستفید ہوں گے اور یوں دیگر ایپلی کیشنز پر کافی اثر پڑے گا۔ کمپنی نے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہم یہ فیچر سب کو مہیا کرنا چاہتے ہیں، صرف انہیں نہیں جو صرف مہنگے فون خریدنے کی سکت رکھتے ہوں یا پھر ایسے ممالک میں رہتے ہوں یا بہترین انٹرنیٹ سروس فراہم کی جا رہی ہو۔“

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment