جمعرات, 02 مئی 2024


سوچ کو پڑھنے والے آلات

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بُک نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسے منصوبوں پر کام کررہی ہے جن کی بدولت انسان جلد ہی اپنے دماغ کے ذریعے براہِ راست لکھ سکیں گے اور اپنی کھال کے ذریعے سن سکیں گے ۔ ایسے کئی منصوبوں پر فیس بک کی تجربہ گاہ ’’بلڈنگ 8‘‘ میں کام ہورہا ہے جن کی تفصیلات گزشتہ روز اس تجربہ گاہ کی نگراں ریگینا ڈوگان نے ایک ٹیکنالوجی کانفرنس میں پیش کیں۔
تجربہ گاہ کی نگراں کا کہنا ہے کہ دماغ کے ذریعے براہِ راست لکھنے والی ٹیکنالوجی کا مقصد ایسے کم خرچ اور حساس آلات تیار کرنا ہے جنہیں ہیلمٹ، ہیئر بینڈ یا چشمے کی طرح سر پر پہنا جاسکے گا اور وہ دماغ میں گفتگو سے متعلق حصوں میں سرگرمی بڑی تیزی سے نوٹ کرتے رہیں گے ۔
انہیں پہننے والا شخص جیسے ہی کچھ لکھنے کے بارے میں سوچے گا یہ آلات بڑی تیزی سے اس سوچ کو پڑھیں گے اور الفاظ میں تبدیلی کرکے اس کے سامنے موجود سکرین پر ظاہر کردیں گے ۔ڈوگان کا کہنا تھا یہ ٹیکنالوجی آئندہ 5 سال میں اتنی بہتر ہوجائیگی کہ ایک منٹ میں 100 الفاظ براہِ راست دماغ سے سکرین پر منتقل کرنے کے قابل ہوگی اور تب اسے صارفین کیلئے پیش کیا جائیگا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment