ایمزٹی وی(صحت) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نےعباسی شہید اسپتال کے 40 سے زائد پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز اور ہائوس آفیسرز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز اور ہائوس آفیسرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں تاکہ یہ لوگ پوری دلجمعی کے ساتھ اسپتال میں مریضوں کی بھرپور خدمت کرسکیں۔
اس موقع پر مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر محمد انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز اور ہائوس آفیسرز کو ریگولر تنخواہ کی ادائیگی کا بندوبست کیا جا رہا ہے تاکہ فوری طور پر انہیں مالی مسائل سے نجات مل سکے جبکہ ان کے واجبات کی جلد از جلد ادائیگی کے لئے بھی پوری کوشش کی جائے گی۔