ھفتہ, 21 دسمبر 2024


وٹس ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) فیس بک کا کہنا ہے کہ اس کی موبائل میسجنگ سروس وٹس ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب ہوگئی ہے۔ یہ تعداد فیس بک کے اپنی میسنجر موبائل ایپلی کیشن کے صارفین سے زائد ہے جس کے ماہانہ 80 کروڑ صارفین ہیں۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ وٹس ایپ پرروزانہ 42 ارب پیغامات اور 25 کروڑ ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔ تاہم ایک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ ابھی بھی وٹس ایپ کئی اہم منڈیوں میں پیچھے ہے۔

آئی ایچ ایس کے موبائل تجزیہ کار جیک کینٹ کا کہنا ہے کہ ’ایسی کئی بڑی منڈیاں ہیں جہاں وٹس ایپ بڑا کھلاڑی نہیں ہے۔‘ ’چین میں وی چیٹ کے 50 کروڑ صارفین ہیں، جبکہ جاپان میں لائن پسند کیا جاتا ہے اور کاکاؤ ٹاک جنوبی کوریا میں ہے۔ لیکن بین الاقوامی طور پر سب سے زیادہ کامیاب وٹس ایپ ہے۔‘ فیس بک نے سنہ 2014 میں یہ موبائل میسجنگ ایپلی کیشن 19 ارب ڈالر میں خریدی تھی۔

جیک کینٹ کا کہنا ہے کہ اس سے حاصل ہونے والی معلومات سے فیس بک اپنے اشتہارات میں بہتری لاسکتی ہے جو اس کے کاروبار کا کلیدی عنصر ہے۔ ‘جب فیس بک نے وٹس ایپ خریدا تھا اس وقت وہ لوگوں کو اپنے علیحدہ میسنجر کی طرف راغب کرنا شروع کر رہا تھا۔ لیکن اس وقت یہ خطرہ بھی تھا کہ یہ کوئی اور حریف حاصل کرسکتا ہے اور فیس بک کو اپنے حریف کے سامنے کروڑوں کی تعداد میں موبائل صارفین سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا تھا۔‘

 

جیک کینٹ کا کہنا ہے کہ تاہم وٹس ایپ کو اب بھی کئی مقامی کھلاڑیوں کے سامنے ایسے چیلنجز درپیش ہیں جو بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Media

Leave a comment