اتوار, 22 دسمبر 2024


امریکی شہری نے سمارٹ فون سے بیاہ رچا لیا

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی شہر لاس ویگاس کو ایسا شہر کہا جاتا ہے جہاں اکثر اوقات انہونیاں ہوتی رہتی ہیں۔ لیکن چند دن پہلے اس شہر میں جو واقعہ ہوا، اس کا شاید آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی شہری نے اپنے سمارٹ فون سے بے پناہ محبت کا ثبوت دیتے ہوئے اسی سے شادی کر لی ہے۔ ویسے اگر دیکھا جائے تو ہم لوگ بھی موبائل فونز کے اس قدر عادی ہو چکے ہیں کہ کسی بھی انسانی رشتے سے زیادہ اس کو وقت دیتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہر شخص نے موبائل فون کو اپنا جیون ساتھی بنا رکھا ہے۔ اپنے سمارٹ فون سے بیاہ رچانے والے اس انوکھے دولہے کا نام ایرن چروینک ہے۔ موصوف نے شادی کیلئے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا۔ چرچ میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں دولہے کے قریبی دوست شریک تھے

جبکہ پادری نے جنم جنم کا ساتھ دینے کے الفاظ دہرائے۔ دولہا میاں کا کہنا تھا کہ ہمیں خود سے ایمانداری برتنا پڑے گی۔ ہم اپنے فون سے کئی جذباتی سطحوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ ایرن چروینک نے کہا کہ آپ کا سمارٹ فون آپ کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرتا ہے۔ آپ کو سکون دیتا ہے اور بے فکر رکھتا ہے۔ میرے لئے ایک اچھے رشتے کا یہی مطلب ہے۔ میرا اور میرے موبائل فون کا تعلق بہت پرانا ہے۔ میں نے اسی رشتے کو مضبوط کرنے کیلئے موبائل فون سے شادی کا فیصلہ کیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment