منگل, 09 جولائی 2024


بھارتی آرمی چیف بھی نئے سپہ سالار کے گن گانے لگے

 


ایمزٹی وی(نئی دہلی)سابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی کارکردگی کے معترف نظر آتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید انتہائی شاندار اور پیشہ ورانہ فوجی افسر ہیں۔

سابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کارکردگی انتہائی پیشہ ورانہ اور شاندار رہی ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں میرے ساتھ کام کیا تھا جہاں ان کی کارکردگی ناقابل بیان رہی تاہم ایک فوجی آفسر ملک سے باہر مختلف انداز میں کام کرتا ہے کیونکہ وہ وہاں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہا ہوتا ہے اور جب بات ملک کے مفاد کی ہوتو اس کا طرز عمل الگ ہوتا ہے لہذا اب بھارت کو صبر سے کام لینا ہو گا۔

سابق بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی سب سے بڑی 10 ویں کور کے کورپس کمانڈر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور اسی وجہ سے وہ پاکستان کی بھارت کے حوالے سے پالیسی کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہیں اور جہاں تک پاک فوج کی کشمیر کے حوالے سے پالیسی ہے کا تعلق ہے تو جنرل باجوہ اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو بھی جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنا دیا گیا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment