اتوار, 05 مئی 2024


نئی امریکی حکومت سے تعاون پر تیار ہیں

 


ایمزٹی وی(واشنگٹن) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئے گی جب کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لئے نئی امریکی حکومت سے تعاون پر تیار ہیں۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا تھاکہ افغانستان میں قیام امن اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے نئی امریکی حکومت سے تعاون پر تیار ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، پاکستان اور امریکا سات دہائیوں سے دنیا بھر میں امن و امان کے لیے تعاون کرتے آئے ہیں لہذا امید ہے کہ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد دونوں ملکوں میں بامعنی تعاون فروغ پائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ان کی اپنی تحریک ہے لیکن بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر رہا ہے اور ساری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے جب کہ پاکستان کے 5 ہزار سے زائد فوجی شہید ہوئے ہیں اور اس وقت دو لاکھ فوجی شمالی علاقوں اور پاک افغان سرحد پر تعینات ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیداروں سے ملاقات کے لئے امریکا پہنچے ہیں جہاں انہوں نے امریکی نائب وزیرخارجہ انٹونی بلنکن سے بھی ملاقات کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment