ایمز ٹی وی(تہران) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ای سی او کے وزرائے خارجہ کا بائیسواں اجلاس آج منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے
جبکہ ای سی او کا سربراہی اجلاس بدھ کو منعقد ہوگا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی شرکت کریں گے۔دوسری جانب صدر ایران کے دفتر کے سیکریٹری اطلاعات پرویز اسماعیلی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی، پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت پر منگل کو اسلام آباد کے لئے روانہ ہو رہے ہیں
جہاں وہ ای سی او کے تیرہویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ای سی او کے رکن ملکوں کی پائیدار اقتصادی ترقی کے حالات کو بہتر بنانا، رکن ملکوں کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کے لئے مشترکہ منصوبوں کے ساتھ ساتھ تجارتی رکاوٹوں کے بتدریج خاتمے کی کوشش کرنا، ای، سی؛ او کے اسلام آباد اجلاس کا اہم ترین ہدف قرار دیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی، پاکستان، افغانستان، ترکمنستان، قرقیزستان، ازبکستان، قزاقستان، تاجیکستان اور جمہوریہ آذربائیجان، ای سی او کے رکن ممالک ہیں