جمعہ, 26 اپریل 2024


اسرائیلی فوج کی جارحیت چار نہتے فلسطینی شہید

 

اسرائیلی فوج کی جارحیت چار نہتے فلسطینی شہید یروشلم: فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج نے جارحیت کی انتہا کردی، فائرنگ سے چار نہتے فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ وحشت اور درندگی کی حدیں پار کرنے والی اسرائیلی فوج نے غزہ میں معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید جبکہ سو سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کے خلاف ہفتہ وار احتجاج کیا جاتا ہے اسی سلسلے میں جمعے کے روز اسرائیل اور غزہ کی سرحدی علاقے پر احتجاج جاری تھا کہ اچانک فوجیوں نے فائرنگ کردی جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔ فلسطینی طبی ذرائع کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہونے والے ہفتہ وار احتجاج کے دوران اسرائیلی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور براہ راست فائرنگ کی جس کے باعث اموات ہوئیں اور سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مظاہرین سیکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کے علاوہ ٹائر نذر آتش کر رہے تھے، اس لیے انہیں منشتر کرنے کی خاطر کارروائی کی گئی، خیال رہے کہ ہم نے کارروائی جوابی ردعمل میں کی ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال مارچ سے شروع ہونے والے اس ہفتہ وار احتجاج میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کی وجہ سے اب تک 120 سے زائد فلسطینی ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ دو روز قبل فلسطین میں دوران احتجاج اسرائیلی اسپائنرز کی فائرنگ سے نوجوان رضاکار روزن النجار زندگی کی بازی ہار گئی تھیں، اس جواں سال رضا کار کو اس وقت نشانہ بنایا گیا، جب وہ دوران احتجاج زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر رہی تھی۔ یاد رہے کہ اس وقت فلسطین میں اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں عروج پر ہیں، مئی کے آخر میں غزہ کی پٹی پر 35 سے زائد مقامات پر اسرائیلی فورسز نے درجنوں فضائی حملے کیےتھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment