Print this page

سرینگر اور بارہمولہ کیلئے ڈاکٹر فاروق اور اکبر لون این سی امیدوار نامزد

سرینگر : نیشنل کانفرنس نے وادی کی3 میں سے 2 نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے ،جبکہ پارٹی صدر کو یہ اختیارات دیئے گئے ہیں کہ وہ باقی نشستوں کیلئے ملکی سطح پر پائی جارہی صورتحال کے تناظر میں فیصلہ لیں ۔نیشنل کانفرنس پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں آنے والے پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔پارٹی ہیڈکوارٹر پرمنعقد ہوئے اجلاس میں نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی اور دیوندر سنگھ رانا کے علاوہ پارلیمانی بورڈ کے جملہ ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریاست کے موجودہ سیاسی صورتحال،پارٹی سرگرمیوںاور پارلیمانی انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔پارلیمانی بورڈ کے تمام ممبران اس بات پر متفق تھے کہ پارٹی کو تمام 6نشستوں پر انتخابات لڑنا چاہیے ۔تاہم بعد میں پارلیمانی بورڈ نے پارٹی صدر کو باقی نشستوں کے بارے میں فیصلہ لینے کا اختیار دیا ہے۔صدر سے کہا گیا ہے

کہ وہ کسی بھی سیکولر پارٹی سے اتحاد کے بارے میں ملکی سیاست کی صورتحال کو ذہن میں رکھیں۔پارلیمانی بورڈ نے اتفاق رائے سے سرینگر اور بڈگام پارلیمانی نشست کیلئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو میدان میں اُتارنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پارٹی لیڈر محمد اکبر لون بارہمولہ پارلیمانی نشست سے انتخابات لڑیں گے ۔ میٹنگ میں دیگر 4نشستوں کیلئے پارلیمانی بورڈ کی اگلی میٹنگ میں فیصلہ کیا جائیگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں