جمعہ, 29 مارچ 2024


امریکی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے اہم ہے

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) واپڈا اور یو ایس ایڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے بعد یوایس ایڈ “کرم تنگی ڈیم” منصوبے کیلئے 81 ملین ڈالر دے گا۔

ذرائع کے مطابق واپڈا اوریوایس ایڈ کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے، معاہدے پر چیئرمین واپڈا مزمل حسین اور یوایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گروکے نے دستخط کئے، تقریب میں وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے ۔

معاہدے کے مطابق یو ایس ایڈ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے لئے 81 ملین ڈالر دے گا اور اس رقم سے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگا، منصوبے کی تکمیل سے 16 ہزارایکڑ اراضی سیراب ہوگی جب کہ 18 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔

تقریب سے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم پر امریکی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے اہم ہے، منصوبے کی تکمیل سے فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی، حکومت دیامر بھاشا، داسو اور کرم تنگی سمیت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے تھرمل بجلی پر انحصار کم ہو گا اور سستی بجلی میسر ہوگی جب کہ وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں سے عسکریت پسندی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ یوایس ایڈ کی معاونت سے 2 ہزار410 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں آئی ہے اوریوایس ایڈ توانائی کے شعبے میں اب تک 53 ارب 10 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment