جمعہ, 26 اپریل 2024


PK661 کے بلیک باکس نے سارے راز اگل د

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) سول ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہےکہ حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیک باکس اور ساؤنڈ بہتر حالت میں ملا ہے جب کہ ابتدائی طور پر حادثے میں انجینئر اور پائلٹ کی کوئی کوتاہی سامنے نہیں آئی ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان سول ایوی ایشن شیر علی نے بتایا کہ حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیکس باکس اور ساؤنڈ بہتر حالت میں ملا ہے، بلیک باکس سے چپ نکال کر ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، کاک پٹ کی ساؤنڈ کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ ان تمام چیزوں کو ایئر فورس کے سینئر افسر کو تحقیقات کے لیے فرانس بھجوادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات میں ابتدائی طور پر پائلٹ اور انجینئر کی کوئی غلطی سامنے نہیں آئی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اے ٹی آر کمپنی اور ایس آئی ٹیم نے بھی تحقیقات کی ہیں، اے ٹی آر طیارے دنیا کے کئی خطوں میں مقبول ترین جہاز ہیں، آج بھی اے ٹی آر نے کابل کی پرواز بھری۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی انجینئرنگ اور مینٹینس کا معیار بہترہن ہے اور پوری قوم کو اس پر اعتماد ہونا چاہیے، پی آئی اے کا سیفٹی ریکارڈ دنیا میں بہترین ہے جس پر پاکستانیوں کو قومی ایئرلائن پر فخر ہونا چاہیے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پی آئی اے کے ڈپٹی چیف انجینئر الطاف احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پی آئی اے نے تمام اے ٹی آر طیاروں کو شیک ڈاؤن انسپیکشن کے لیے انڈر گراؤنڈ کیا، شیک ڈاؤن میں طیاروں کے انجن اسٹرکچر کا جائزہ لیا گیا، ایوی ایشن اور پی آئی اے نے اے ٹی آر کا مکمل جائزہ لیا اور کراچی سے بھی آنے والی خصوصی ٹیم نے انجن کا ہیلتھ ٹیسٹ کیا جس کے بعد تین جہازوں کو پرواز کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا ڈومیسٹک اور انٹرنینشل پروازوں کی مینٹینس کا ایک ہی معیار ہے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو پی آئی اے کا مسافر طیارہ چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں جہاز کے عملے سمیت 47 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ جہاز میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ سوار تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment