جمعرات, 25 اپریل 2024


راولپنڈی میں بارش ،میٹرو بس کا راز افشاں

ایمز ٹی وی(راولپنڈی) پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ کے راولپنڈی میں ایلویٹڈ ٹریک کو واٹر پروف کرنے کے دعوے بارش نے ہوا میں اڑا دیئے۔ ہفتہ اتوار کو بارش نہ ہونے کے باوجود مری روڈ پر ٹریک کے نیچے سفر کرنے والوں پر پانی ٹپکنا نہ رک سکا جس کی بظاہر وجہ ٹریک کے ساتھ ساتھ نصب ڈرین محسوس ہو رہی تھی جس کے جوڑوں سے پانی ٹپک رہا تھا۔

اس حوالے سے پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ کے ایک افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ٹریک کی لیکیج نہیں ہے‘ بارش کےدوران ہونے والی لیکیج ڈرین پائپ اور ٹریک کے جوائنٹس سے ہوئی ہے جس کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں تمام منسلکہ افراد کو دو دن میں ٹریک وزٹ کرا کر تمام مسائل کی نشاندہی اور اس کا حل نکالا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ بس اسٹیشنز کی لیکج بند ہو گئی ہے جس کا بارش میں ٹیسٹ بھی ہوگیا ہے۔ دریں اثناء میٹرو کو آپریشنل ہوئے دوسال کے قریب ہو رہے ہیں لیکن آج تک وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے منصوبہ کے مزدوروں کیلئے 5کروڑ روپے کا انعام تقسیم نہیں کیا جا سکا۔ پیکج ٹو اسلام آباد انٹرچینج چالو ہونے کے باوجود اسکے نیچے لینڈ اسکیپکنگ کا کام ادھورا ہے لیکن اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیاہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment