ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سانحہ لاہوراورپشاورکی بھرپورمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے،یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کاسوال ہے، سپریم کورٹ کاہر جج ایک قلعہ ہے جسے کسی صورت تسخیر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کو اپنے کردار اور کاوشوں سے بہترین ملک بناناہے، ملکی خدمت میں کوئی ہمارے جذبے کومتزلزل نہیں کرسکتا۔
پاکستان بارکونسل کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ کسی بھی ملک کی آزاد عدلیہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جج قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا پابند ہے، جج قانون کی خلاف ورزی کر کے فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا،قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ججز کی آئینی ذمہ داری ہے، قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ فیصلہ قانون کے مطابق کریں گے تو انصاف ہوتا نظر آئے گا، انصاف کی فراہمی ہماری ذمہ داری اور مقصد ہے، آنے والے وقت میں عدلیہ اداروں کی اصلاح میں کرداراداکریگی، ججزکی عزت آزادعدلیہ کیساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاکوحق نہیں کہ ریلیف نہ ملے توجج سے زیادتی کریں، یقین دلاتاہوں ججزتقرریاں میرٹ پرہوں گی، جج اوروکلاایک ہی جسم کے دو حصے ہیں۔