اتوار, 24 نومبر 2024


عمران خان کے جواب جمع نہ کرانے پر الیکشن کمشنر آپے سے باہر

ایمزٹی وی (اسلام آباد)الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس میں عمران خان نے جواب جمع کرانے کے بجائے اپنا وکیل تبدیل کرلیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان سے توہین عدالت کی درخواست پر جواب مانگا گیا تھا، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے نیا جواب تیار کرلیا گیا ہے جو نئے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ہم نے عمران خان کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا، رکن الیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ بابر اعوان کا وکالت نامہ کہاں ہے جس پر وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بابر اعوان خود اپنا وکالت نامہ پیش کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم کل اس پر سماعت کرکے فیصلہ کریں گے جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہوگئے اور کہا کہ آپ نے اب تک جواب تیار نہیں کیا، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان چترال میں ہیں اس لیے وقت دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان کبھی چترال میں ہوتے ہیں کبھی نتھیا گلی میں، جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان قومی لیڈر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ تو کیا ہم قومی ادارہ نہیں، ہمیں عمران خان کے جواب کی ضرورت نہیں اب صرف حکم سنائیں گے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر فیصلہ سنایا جائے گا تاہم پی ٹی آئی وکیل کی مسلسل استدعا پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کے وکیل شاہد گوندل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کا وکیل کر یں، موٹو گینگ کے ذریعے عمران خان کو بلیک میل کرنے کے لیے پٹیشن دائر کی گئی، 10 جولائی کے یوم حساب سے یہ گھبرا چکے ہیں ، یہ ذاتی حملے کر کے عمران خان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment

comments11