جمعہ, 26 اپریل 2024


عمران خان مستعفی ہوجائیں، بانی ارکان، تحریک انصاف

ایمزٹی وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان نے عمران خان سے پارٹی کی چیرمین شپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف بلوچستان کے پہلے صدر اور سابق مرکزی نائب صدر اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 9 بانی ارکان نے عمران خان کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کو مکمل تباہی سے بچانے کے لئے وہ چیرمین شپ کے عہدے سے عارضی طور پر مستعفی ہو جائیں۔ تحریک انصاف بلوچستان کے سابق صدر کا کہنا تھا کہ انھوں نے پارٹی میں بڑے پیمانے پر پیسوں کی خردبرد کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں ایک کیس بھی دائر کر رکھا ہے جس میں انٹرا پارٹی الیکشن اور ٹکٹوں کی فراہمی کے موقع پر پارٹی کے فنڈ میں بے دریغ کرپشن کر کے تحریک انصاف کے بنیادی نظریات کی دھجیاں اڑانے کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات لگاتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ صوبے کے سابق احتساب کمشنر حامد خان نے جب وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کیں تو انھیں استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا گیا۔ عمران خان سے پارٹی چیرمین شپ چھوڑنے کا مطالبہ کرنے والوں میں ان کے کزن اور پی ٹی آئی پنجاب کے پہلے صدر سعیداللہ خان نیازی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اٹک، مانسہرہ، راولپنڈی اور کراچی کے ضلعی صدور بھی عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل ہیں، تحریک انصاف برطانیہ کے صدر ایڈوکیٹ خواجہ امتیاز اور فاٹا کے اراکین بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment