جمعہ, 03 مئی 2024


عوامی تحریک اور ق لیگ نے بھی کمیٹی کو مستردکردی

ایمز ٹی وی(لاہور) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متنازع خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خط لکھ دیا اور کہا کہ کمیٹی میں شامل جسٹس(ر) عامر رضا خان کے حکومت سے قریبی مراسم ہیں انہیں کمیٹی پر اعتماد نہیں۔

عبدالقادر کے مطابق شیخ رشید نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متنازع خبر کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر)عامر رضا خان کے شریف خاندان کے قریبی مراسم ہیں،ان کا نام وزرائے اعلیٰ کی فہرست میں بھی تھا۔

شیخ رشید نے لکھا کہ عامر رضا خان کی بیٹی شریف میڈیکل کمپلیکس کے ذریعے حکومت سے مراعات وصول کررہی ہے، ایسی صورتحال میں تحقیقات کرنے والے کمیٹی کا یہ سربراہ قوم کو قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نام پر صرف وقت ضائع کیا جارہا ہے، جسٹس عامر کو کمیٹی کا سربراہ بنایا جانا درست عمل نہیں، ہمیں اس معاملے میں شفاف تحقیقات کی امید نہیں ہم نتائج قبول نہیں کریں گے۔ قبل ازیں تحریک انصاف، عوامی تحریک اور ق لیگ نے بھی کمیٹی کو مسترد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ انگریزی اخبار ڈان اخبار میں شائع متنازع خبرکی اشاعت سے متعلق تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جسٹس (ر) عامررضا اجلاس کی صدارت کریں گے۔

کمیٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی اورآئی بی کے ارکان بھی شریک ہوں گے، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعیدبھی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment