جمعہ, 03 مئی 2024


پنجاب انتظامیہ اورینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پنجاب انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا،5روز بعد مال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف ایگزیکٹیو میو ہسپتال ڈاکٹر اسد اسلم اور ینگ ڈاکٹرز میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے احتجاج ختم کردیا جس کے بعد پولیس نے مال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے اور مظاہرین کے کیمپ و دیگر سامان ایک سائیڈ پر ہٹا دیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے واٹر مینجمنٹ بورڈ ملازمین کو بھی اٹھا کر روڈ پر ٹریفک بحال کروادی ۔ مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت کو عوام کی پریشانی کا احساس ہے، دودن پہلے 11 نرسوں کے خلا ف کارروائی کی گئی تھی، اب مظاہرین کو سڑک سے ہٹاکر شہریوںکی پریشانی کو ختم کردیا گیا ہے۔

سی سی پی اولاہور امین وینس نے کہا ہے کہ آئندہ مظاہروں اور دھرنوں سے مال روڈ کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دینگے،مسیحاہی عوام کو پریشان کریں گے تو عام آدمی سے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پر سڑک کو کھولا، ہمارے حکمران فرعون بن چکے ہیں، حکومت کو ہمارے مطالبات تسلیم کرنے پڑیں گے، حکومت کی جانب سے کے جانے والے تمام وعدے پورے کیے جائیں۔

ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کا بڑا مسئلہ سیکیورٹی کا تھا جو حکومت نے حل کردیا ہے ، ینگ ڈاکٹرز میرے بچوں جیسے ہیں اور انہیں سمجھایا ہے کہ ڈیوٹی پر واپس آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن ڈاکٹرز نے معافی نامے جمع کرائے ہیں انہیں بحال کریں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment