جمعرات, 02 مئی 2024


ایم کیو ایم اور تشدد ایک دوسرے کی ضد ہیں

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہےکہ دو ہزار اٹھارہ میں اپنا وزیراعلیٰ منتخب کروا کر سندھ کو ترقی دیں گے اور سکھر،لاڑکانہ، خیرپوراورٹھٹھہ کوکراچی کے برابر لائیں گے۔

کورنگی میں ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور تشدد ایک دوسرے کی ضد ہیں، دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے ایم کیو ایم اپنا بھر پور کردار ادا کرسکتی ہے۔

کنونیر متحدہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پہلے بھی متحدہ تھی اور آج بھی متحد ہے، یہ بکاؤ مال نہیں جس کے لوگ پیسوں کی وجہ سے ادھر اُدھر چلے جائیں جبکہ ایم کیو ایم کو تقسیم کرنے کے خواہش مند افراد اور جماعتیں کے کارکنان خود منقسم ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں تاریخی اور فیصلہ کُن جلسہ کریں گے، ملکی میں برسوں سے قائم جاگیرداری، وڈیرہ شاہی اور کوٹا سسٹم کی باقیات کو مل کر ختم کریں گے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر اور متحدہ رہنما خواجہ اظہار الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہمارے استعفوں کا مطالبہ کررہے ہیں مگر ہم مستعفی ہوکر کراچی کسی کو نہ پلیٹ میں رکھ کر دیں گے اور نہ ہی ایسے عناصر کو اپنے علاقوں میں قابض ہونے دیں گے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ دبئی میں پرویز مشرف سے میری ملاقات کو اپنی خواہش اور خبر بنایا جا رہا ہے، ایم کیو ایم میں کوئی نوکری خالی نہیں اور اگر نوکری نکلی بھی تو اس کی جگہ ایم کیو ایم کے اندر سے پوری کی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment