ھفتہ, 27 اپریل 2024


ایم کیو ایم آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرےگی

 

ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج لیاقت آباد میں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان نے آج لیاقت آباد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے جلسہ کا اعلان کیا ہے جس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جب کہ جلسہ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ جلسے کے لیے 10 ہزارسے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جب کہ لیاقت آباد فلائی اوور کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، سکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور ٹریفک پولیس بھی متبادل راستوں کی آگاہی کے لیے موجود ہے۔
گزشتہ رات ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے جلسہ کی جگہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملے پر جو جماعتیں مگرمچھ کے آنسوبہاتی ہیں آج ان کی سیاست کا آخری دن ہے، مردم شماری میں اتنا ظلم ہوا مگرکسی جماعت نے نہ کوئی جلسہ کیا نہ جلوس نکالا، کراچی کی آبادی درست گنی جائے تو پانچ سو یو سیز بنیں گی۔
متحدہ پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے بھی رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا خواجہ اظہار الحسن نے بھی ناظم آباد میں جلسے کے حوالے پمفلٹ تقسیم کیے۔
دوسری جانب متحدہ پاکستان کے جلسے کے سلسلے میں لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر پی ایس پی اور ایم کیو ایم کارکنان آمنے سامنے آگئے جہاں دونوں جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment