منگل, 30 اپریل 2024


سمندری طوفان نیلوفر سےمتعلق کمشنرکراچی شعیب صدیقی کی پریس کانفرنس

ایمز ٹی وی (کراچی)کمشنرکراچی شعیب صدیقی نے کمشنر آفس میں ایڈمنسٹریٹرکےایم سی رئوف اختر فاروقی، ڈائریکٹر جنرل پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سلمان شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ اور چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور حکومت سندھ کی ہدایت پر طوفان کی صورتحال اوراقدامات سے میڈیا کو آگاہ کیا، بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان نیلوفر سےسندھ کے ساحلی علاقے ٹھٹھہ بدین سجاول ننگر پارکر مٹھی عمر کوٹ سب سے زیادہ متاثر ہونگے، ان علاقوں کے 3 لاکھ افراد کیمپوں میں منتقل کئےجائیں گے، کراچی میں بھی مبارک ولیج، ابراہیم حیدری، ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی کے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں کو بھی خالی کرایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ سلمان شاہ نے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین کے 3 لاکھ لوگ متاثر ہونے کا امکان ہے انہیں فوری طور پر محفوظ مقامات یا کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کہا کہ مسلسل وارننگ کے بعد سمندر سے ماہی گیر بڑی تعداد میں ساحل پر آچکے ہیں، کے الیکٹرک ، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں سمیت تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور عملے کو ایمرجنسی نافذ کرکے الرٹ کر دیاگیا ہے ۔ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم نے بتایا کہ یہ طوفان 30 سے 31 اکتوبر کو سندھ سے ٹکرائے گا اور 31 اکتوبر کی رات یا یکم نومبر کو بھارتی گجرات اورسندھ کے ملحقہ علاقوں سے ٹکرائے گا ، کراچی سے یہ جمعرات کی دوپہر گزرے گا اس کی شدت 35 سے 40 ناٹیکل میل فی گھنٹہ ہوگی اور شہر میں 25 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ہے ، انہوں نے کہا کہ تھر ریجن میں شدت زیادہ ہوگی ، ننگرپارکر، ڈیپلو، مٹھی، عمرکوٹ، اسلام کوٹ، ٹھٹھہ، بدین جاتی کافی متاثر ہونگے۔ یکم نومبر کی صبح یہ ختم ہو جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment