ھفتہ, 27 اپریل 2024


آسٹریلوی ٹیم کا ایک اور اعزاز

ایمز ٹی وی (کھیل) آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے میزبان سری لنکا کو 2 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 85 رنز سے شکست دے دی۔

پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر مہمان آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کینگروز نے گلین میکسویل کے 145 رنز کی بدولت ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ 263 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان دنیش چندیمل 58، چمارا کپوگدرا 43 اور کشال مینڈس 22 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3 جب کہ جیمز فالکنر، موئسز ہینری اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی اوپننگ بلے باز میکسویل نے مار مار کر سری لنکن بولرز کا بھرکس نکال دیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے، انہوں نے 9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 65 گیندوں پر 145 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان ڈیوڈ وارنر 28، عثمان خواجہ 36 اور میتھیو ہیڈ 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے سینا نایاکے، تھسارا پریرا اور سچتھ پتھیرانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر گلین میکسویل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے اس میچ میں میزبان ٹیم کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے جو کہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے جب کہ اس سے قبل سری لنکا نے ہی ستمبر 2007 میں کینیا کے خلاف سب سے زیادہ 260 رنز بنائے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment