ھفتہ, 04 مئی 2024


ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان


ایمز ٹی وی (کھیل) ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عمر اکمل کی واپسی ہوئی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز رواں ماہ کے اواخر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عماد بٹ کو بغیر کوئی میچ کھلائے ہی قومی ٹیم سے باہر کردیا ہے جبکہ عمر اکمل، رومان رئیس اور سعد نسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

خراب ڈسپلن کی وجہ سے اپنی جگہ گنوانے والے عمر اکمل کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جہاں وہ پانچ میچوں میں ایک سنچری کی مدد سے 304 رنز بنا چکے ہیں۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور محمد حفیظ ایک بار پھر اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفرازاحمد (کپتان)، خالد لطیف، شرجیل خان، شعیب ملک، محمد رضوان، بابراعظم، محمد نواز، عمر اکمل، عمادوسیم، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، سہیل تنویر، سعد نسیم، رومان رئیس۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 23 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ اگلے دن دونوں ٹیمیں اسی گراؤنڈ پر پھر نبرد آزما ہوں گی، سیریز کا آخری میچ 27 ستمبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment