منگل, 07 مئی 2024


گرین شرٹس گرتی دیوار کو ایک اور دھکا دینے کیلیے تیار ہیں

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس گرتی دیوار کو ایک اور دھکا دینے کیلیے تیار ہیں، اتوار کو شارجہ میں دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں فتح ٹرافی پر قبضہ یقینی بنا دے گی۔

مہمان بیٹنگ کا اسپن جال سے نکلنا محال نظر آنے لگا، عماد وسیم اور محمد نواز کا سامنا کرنے کیلیے حکمت عملی پر از سرنو غور کرنا ہوگا، اوپنر کریگ بریتھ ویٹ کی جگہ جوناتھن کارٹر یا ایون لوئس کو موقع دیا جا سکتا ہے، میزبان ٹیم کی ان فارم ٹاپ آرڈر اعتماد سے عاری حریف بولنگ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی، شرجیل خان اور بابر اعظم سے بڑی اننگز کی امیدیں وابستہ ہیں۔

چابکدست سرفراز احمد بھی رنز کے ڈھیر لگانے کیلیے بے تاب ہونگے، پہلے میچ کی اولین گیند پر وکٹ گنوانے والے اظہر علی کو دباؤ سے نکلنے کا چیلنج درپیش ہے، کپتان مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، مہمان قائد جیسن ہولڈر کو گھومتی گیندوں کا خوف ستانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق یواے ای میں فتح کو ترستی ویسٹ انڈین ٹیم ٹوئنٹی 20 میچز میں کلین سوئپ کے بعد ون ڈے سیریز میں حواس بحال کرنے کیلیے کوشاں ہے، شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کیریبیئنز کی بولنگ میں دم خم نظر نہیں آیا، فیلڈرز نے مواقع گنوائے، بیٹنگ بھی کسی بھی موقع پر فتح کیلیے جدوجہد کرتی نظر نہیں آئی اور آسانی سے ہتھیار ڈال دیے، دوسرے ون ڈے میں شکست کے ساتھ سیریز بھی ہاتھ سے نکل جائے گی۔

دوسری طرف پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، ٹوئنٹی 20میچز کی آزمائش میں کامیاب ہونے والی ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں صرف کپتان اظہر علی کی تبدیلی ہوئی ہے، شرجیل خان اچھے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنا رہے ہیں، لائن اپ میں موجود نوجوان بیٹسمین بابر اعظم سنچری کے ساتھ ون ڈے کرکٹ میں بھی روشن مستقبل کی نوید سنا چکے، پہلے میچ میں صرف 6رنز بنانے والے شعیب ملک اپنے تجربے کی بنیاد پر بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment