پیر, 06 مئی 2024


یاسر شاہ اپنے ایک اعزاز سے محروم

ایمز ٹی وی (کھیل) ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن نے پاکستانی اسپنر یاسر شاہ کا ساتھ چھوڑ دیا، وہ ایک درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پرچلے گئے۔ جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین بدستور سرفہرست ہیں،انگلش فاسٹ بولرجیمزاینڈرسن نے بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی، بیٹنگ میں پاکستان کے یونس خان بدستور پانچویں اورکپتان مصباح الحق دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی اسپنر یاسرشاہ ایک درجے تنزلی کا شکار ہوکرساتویں نمبر پر چلے گئے، بھارتی اسپنر رویندرا جڈیجا نے چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔

جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین حسب سابق نمبرون بولر ہیں، انگلش پیسر جیمز اینڈرسن نے ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی، بھارتی اسپنر ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ چوتھے اور سری لنکن اسپنر ہیراتھ پانچویں نمبر پر قدم جمائے ہوئے ہیں،آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے آٹھویں پوزیشن کوبرقرار رکھا، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے کولکتہ میں عمدہ پرفارمنس کے بعد ہموطن نیل ویگنر کو پیچھے دھکیل کر نویں پوزیشن ہتھیالی، ویگنر ٹاپ 10 کے آخری شریک بنے ہوئے ہیں، بھارت کے محمد شامی 2 درجے بہتری ملنے پر 23ویں نمبر پر آگئے، بھونیشور کمار نے9 درجے ترقی سے26 ویں پوزیشن پائی، کیوی بولر میٹ ہنری 16 درجے کی چھلانگ لگاکر61ویں نمبر پر آگئے۔

بیٹنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں، انگلینڈ کے جوئے روٹ نے کیوی کپتان ولیمسن کی جگہ دوسری پوزیشن حاصل کرلی، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا نے چوتھے نمبر پر قبضہ کیے رکھا، پاکستان کے یونس خان بھی پہلے کی طرح پانچویں نمبر پر ہیں،چھٹے نمبر پر مشترکہ طور پر آسٹریلیا کے ایڈم ووجس اور جنوبی افریقی ابراہم ڈی ویلیئرز موجود ہیں، آٹھویں پوزیشن ڈیوڈ وارنر، نویں انگلش کپتان الیسٹرکک اوردسویں پاکستانی کپتان مصباح الحق کے نام رہی، روہت شرما 14 درجے ترقی سے38، لیوک رونکی12درجے بہتری سے 40 اور وردھیمان ساہا 18 درجے ترقی ملنے پر 56ویں نمبر پر آگئے۔

آل راؤنڈرز میں اس بار بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں ہوسکا، بھارتی ایشون بدستور پہلے، بنگلہ دیشی شکیب الحسن دوسرے، انگلینڈ کے معین علی تیسرے، جڈیجا چوتھے اور مچل اسٹارک پانچویں نمبر پر ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment