پیر, 06 مئی 2024


ایشین ویمنز ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں داخل

ایمز ٹی وی (کھیل) ایشین ویمنز ہاکی فیڈریشن کپ میں پاکستان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا، ٹیم نے3 سال بعد کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کو عمدہ کارکردگی سے یادگار بنا لیا، آخری پول میچ میں مضبوط حریف سنگاپور کے خلاف ڈرا کی بدولت فائنل فور میں جگہ پکی کی، گول کیپر رضوانہ یاسمین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گولز بچائے، پاکستان کی جانب سے افشاں نورین جبکہ حریف ٹیم کی چین آئیوی نے گول اسکور کیے۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نیشنل ہاکی ٹریننگ سینٹر میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،3 سال بعد کسی بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم نے اپنے آخری پول میچ میں مضبوط حریف سنگاپور کیخلاف ڈرا کی بدولت یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

اپنے ابتدائی دونوں پول میچز میں فتوحات سمیٹنے والی سنگاپورکی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی لیکن 12 منٹ میں 2 پنالٹی کارنرز اور متعدد مواقع ملنے کے باوجود گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، پاکستانی گول کیپر رضوانہ یاسمین حریفوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں، افشاں نورین نے گیند کو نیٹ کی جانب پھینکا لیکن حریف گول کیپر نے کوشش ناکام بنا دی، گرین شرٹس نے اپنی حکمت عملی ازسر نو ترتیب دیتے ہوئے متعدد حملے کیے لیکن کامیابی نہ مل سکی۔

30 ویں منٹ میں سنگاپور کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن رضوانہ نے اس بار بھی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیندکو روک لیا، وقفے سے2 منٹ قبل گرین شرٹس کی جانب سے ایک شاندار موو بنی، افشاں نورین نے اس بار موقع ضائع کیے بغیرگیندکو جال میں پھینک کر ٹیم کو برتری دلا دی،دوسرے ہاف کے آغاز سے سنگاپور نے حریف ٹیم کے دفاعی حصار پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا مگر کامیابی روٹھی رہی۔

اس دوران 2 پنالٹی کارنرز بھی ضائع ہوئے، پاکستان کو پہلا پنالٹی کارنر کھیل کے 46 ویں منٹ میںملا لیکن عشرت عباس اسے گول میں تبدیل نہ کر سکیں، 51 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ایونٹ کی لیڈنگ اسکورر مائرہ صابر نے دفاعی کھلاڑی کو چکمہ دے کر ہٹ لگائی لیکن اس بار بھی حریف گول کیپر راستے کی دیوار بن گئیں، کھیل ختم ہونے سے 12 منٹ قبل تک پاکستان کو ایک گول کی برتری حاصل اور فتح یقینی نظر آ رہی تھی، مگر سنگاپور کی ٹیم نے ہمت نہیں ہاری اور 59ویں منٹ میں چین آئیوی نے دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک دیا، یوں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔

باقی 11منٹ میں سنگاپور نے سبقت حاصل کرنے کیلیے سرتوڑ کوشش کی اور پاکستانی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن کامیابی نہ مل سکی، گول کیپر رضوانہ بہترین فارم میں نظر آئیں اور انھوں نے کئی یقینی گولز بچاتے ہوئے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سنگاپور کو ملنے والے آخری پنالٹی کارنر پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب امپائر نے قبل از وقت گول لائن سے آگے آنے پر2 پاکستانی دفاعی کھلاڑیوں کو سینٹر لائن پر بھیج دیا، گول کیپر اور باقی 2 دفاعی کھلاڑیوں نے حملہ پسپا کرتے ہوئے سنگاپور کی فتح کا خواب چکنا چور کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن ہاکی ٹیم نے3 سال بعد کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی، اس وجہ سے حالیہ کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، ٹیم پول میں ناقابل شکست رہی، پہلے ہانگ کانگ کے خلاف مقابلہ 1-1 سے برابر کیا جبکہ کمبوڈیا کے خلاف 11-0 سے کامیابی سمیٹی تھی، سیمی فائنلز ہفتے کو کھیلے جائیں گے، پاکستان کے مقابل کا فیصلہ دیگر پول میچز کے اختتام پر ہو گا۔ دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ونگ کی سیکریٹری تنزیلہ چیمہ نے پلیئرز اور مینجمنٹ کو فون کرکے شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی، انھوں نے بقیہ میچز کیلیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment