اتوار, 05 مئی 2024


نئے بولنگ کوچ کامیابی کے لیے پر عزم

ایمز ٹی وی (کھیل) اظہر محمود بدھ کو بطور بولنگ کوچ قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے، ان کی پہلی ذمہ داری دورئہ نیوزی لینڈ کے لیے بولرز کو تیار کرنا ہوگی، بورڈ نے قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق آل راؤنڈر کا انتخاب کیا، ان سے ایک سالہ معاہدہ ہوا جس میں توسیع کی بھی گنجائش ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اظہر محمود کو قومی ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا،21 ٹیسٹ اور 141 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے سابق آل راؤنڈر اس سے قبل ایشیا کپ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 اور دورئہ انگلینڈ کے دوران محدود اوورز کے مقابلوں میں بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، ان کی پہلی اسائنمنٹ نیوزی لینڈ کے خلاف17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز ہے، وہ بدھ کے روز شارجہ میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے، انھوں نے ایک سالہ معاہدہ سائن کیا ہے۔

پی سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اظہر محمود کو منتخب کیا گیا، سابق آل راؤنڈر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل یہ ذمہ داریاں دی جانی تھی لیکن معاہدے کو حتمی شکل دینے میں وقت لگ گیا، اب معاملات طے ہونے پر انھیں نامزد کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورئہ نیوزی لینڈ میں 2ٹیسٹ کھیلے گی، پہلا میچ 17 نومبر سے کرائسٹ چرچ، دوسرا 25 نومبر سے ہیملٹن میں شروع ہوگا۔

برطانوی شہریت کے حامل اظہر محمود کو ماہانہ دس ہزار ڈالر سے زائد معاوضہ دیا جائے گا، انھیں غیرملکی کوچ کے مساوی مراعات بھی حاصل ہوں گی، وہ سال میں تین بار بورڈ سے لندن کا ریٹرن ٹکٹ بھی حاصل کر سکیں گے، اگر اظہر محمود نے اچھے نتائج دیے تو معاہدے میں توسیع بھی ممکن ہوگی، اپنے پہلے دور میں وہ بولرز کی کارکردگی میں بہتری نہیں لاسکے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment