اتوار, 05 مئی 2024


پہلا ون ڈے میچ ساﺅتھ افریقا کے نام

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
 
تفصیلات کے مطابق سیڈون پارک ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ کو بارش سے متاثر ہونے کے باعث 34 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 34 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیم سن نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں ڈین براﺅن لی نے 31، ٹام لاتھم نے 0، راس ٹیلر نے 1، نیل بروم نے 2، جیمز نیشام نے 29، مچل سینٹنر نے 17، کولن گرینڈہوم نے 34 اور ٹم ساﺅتھی نے 24 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس موریس نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے کیویز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کاگیسو ربادا نے 2 اور تبریز شمسی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو 88 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ جنوبی افریقہ نے کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دیگر بلے بازوں میں ہاشم آملہ نے 35، فاف ڈوپلیسس نے 14، اے بی ڈویلئرز نے ناقابل شکست 37، جے پی ڈومنی نے 1، فرحان بہاردین نے 0، کرس موریس نے 16 اور اینڈیل فیہلوک وائیو نے 29 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساﺅتھی 2 وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب باﺅلر رہے جبکہ مچل سینٹنر، ٹرینٹ بولٹ، ایش سودھی اور کین ولیم سن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment