جمعہ, 26 اپریل 2024


نومنتخب کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کےپہلےراونڈمیں میچ سےباہر

لاہور:  ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی کپتان بابر اعظم کی ٹیم سینٹرل پنجاب کا سفر پہلے راؤنڈ میں ہی ختم ہوگیا۔

خیبرپختونخوا نے اسے7 وکٹ سے شکست دے دی، بابرکے83رنز رائیگاں گئے، فخرزمان کے ناقابل شکست 82 رنز کی بدولت فاتح ٹیم نے 178کا ہدف 2گیندوں قبل حاصل کرلیا.

 اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ کی دھواں دھار اننگز نے بھی جیت کا سفر آسان کیا۔دوسرے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 7وکٹ سے زیر کرلیا،ناکام سائیڈ نے 8وکٹ پر 155رنز بنائے، شاداب خان کی فارم لوٹ آئی، انھوں نے4 شکار کیے۔ محمد عامر نے2وکٹیں لیں،علی عمران اور روحیل نذیر کی ففٹیز سے تقویت پاکرناردرن نے 17اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔
 
تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سینٹرل پنجاب کی جانب سے احمد شہزاد10اور کامران اکمل 18رنز بنا سکے،56 پر2 وکٹیں گرنے کے بعد بابراعظم اور عمر اکمل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، کپتان 56گیندوں پر 83 کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے،انھوں نے5 چوکے اور 4 چھکے لگائے، عمراکمل37 گیندوں پر 53رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سینٹرل پنجاب نے 3 وکٹ پر177رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 17اور کپتان محمد رضوان2 رنز بنا سکے۔
 

فخر زمان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا، افتخار 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ نے 26 گیندوں پر46 رنز کی اننگز کھیل کر 2گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، 54 بالز پر ناقابل شکست 82 رنز اسکور کرنے والے فخر زمان کی فارم بھی لوٹ آئی،اوپنر کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے.

میچ میں ناکامی پرنومنتخب  قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کی ٹیم سینٹرل پنجاب سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ دوسرے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،بلوچستان کے امام الحق15، بسم اللہ خان1اور اویس ضیا31رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، حسین طلعت نے ناٹ آؤٹ77کی اننگز کھیلی، دیگر بیٹسمین ان کا ساتھ چھوڑتے گئے۔

ٹیم نے 8وکٹ پر 155کا مجموعہ حاصل کیا،بیٹنگ لائن کی تباہی میں بڑا ہاتھ شاداب خان کا تھا جنھوں نے فارم میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے 4شکار کیے، محمد عامر اور سہیل تنویر نے 2،2وکٹیں اڑائیں۔ناردرن کی جانب سے عمر امین کھاتہ نہیں کھول پائے،سہیل اختر 8رنز بنا سکے، علی عمران 37گیندوں پر 65کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، روحیل نذیر56اورآصف علی 17پر ناٹ آؤٹ رہے،ناردرن نے ہدف 17اوورز میں 3وکٹ پر حاصل کرلیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment