ھفتہ, 27 اپریل 2024


پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کےرکن وقارحسن دنیاسےچل بسے

کراچی:پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی رائٹ ہینڈ بیٹسمین وقار حسن طویل علالت کے باعث 87 سال کی عمر میں 10 فروری کو کراچی میں انتقال کرگئے ، مرحوم کی تدفین بدھ کے روز ڈیفنس فیز 8کے قبرستان میں کی جائے گی۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچز کھیلےجن میں ایک ہزار 71 رنز میں وقار حسن کی ایک سینچری اور 6 نصف سنچریز شامل تھیں۔

وقار حسن نے پاکستان کی جانب سے 1952 میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔انہوں نے 1955 میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں لاہور میں 189رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ وقار حسن 1982/83 میں چیف سیلکٹر بھی رہے، انکی منتخب ٹیسٹ ٹیم نے بھارت کو 0-3 سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب پی سی بی نے پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن وقار حسن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق چیئرمین بورڈ احسان مانی نے کہا کہ آج ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ آج کی تاریخ میں پاکستان کرکٹ نے وہ آخری ستارہ بھی کھودیا۔واضح رہے کہ وقار حسن پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کے آخری حیات کرکٹر تھے مگر اب پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کا کوئی رکن بھی حیات نہیں رہا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment