اتوار, 28 اپریل 2024


پاکستان ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے گا

ایمز ٹی وی (کھیل) کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال آسٹریلوی دورے میں جو تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی ان میں سے ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔ یہ میچ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کسی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں حصہ لے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے آسٹریلوی دوروں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلوی دورے میں تین ٹیسٹ میچ برسبین، میلبرن اور سڈنی میں کھیلے گی ۔ واضح رہے کہ برسبین میں ٹیسٹ میچوں کے انعقاد کو اس سال 85 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ میں بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جانا ہے لیکن جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹرز کو رات میں گلابی گیند کے ساتھ کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور وہ اس کے لیے تیار نہیں۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کو توقع ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ اس ہفتے دبئی میں جنوبی افریقی کرکٹ حکام سے ملاقات کر کے انہیں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ جیمز سدر لینڈ نے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی حمایت کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخ کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی۔ یہ تجربہ خاصا کامیاب رہا تھا جس کے بعد اب کرکٹ آسٹریلیا نے اس سیزن میں دو ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ رکھے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment