ایمز ٹی وی (اسلام آباد) راولپنڈی پولیس نے جمعتہ الوداع و یوم القدس کے سیکیورٹی پروگرام کو حتمی شکل دے دی جبکہ وفاقی پولیس نے بھی یوم القدس ،جمعتہ الوداع ،چاند رات اور عید الفطر کے لئے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ راولپنڈی میں تمام مساجد ،امام بارگاہوں اور جمعہ کے اجتماعات پر 1500 سے زیادہ پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ خصوصی گشت اور ناکوں پر پولیس اہلکار 24 گھنٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
راولپنڈی پولیس نے کل 23 جون کو جمعتہ الوداع اور یوم القدس کے موقع پر سیکیورٹی پروگرام کو حتمی شکل دیتے ہوئے 1500 سے زیادہ پولیس افسران و ملازمین کو ڈیوٹی پر مامور کیا ہے۔ضلع راولپنڈی میں مساجد و امام بارگاہوں کے علاوہ کھلے مقامات پر بھی جمعہ کے اجتماعات کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس لگائے گئے ہیں جبکہ یوم القدس کی ریلیوں کی سیکیورٹی کے لئے بھی پولیس تعینات کی گئی ہے۔
دریں اثناء وفاقی پولیس نے بھی یوم القدس،جمعتہ الوداع،چاند رات اور عید الفطر کے لئے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے جبکہ رمضان المبارک کے آخری ایام اور عید کی چھٹیوں کے دوران اسٹریٹ کرائم کے روک تھام کے لئے حکمتِ عملی مرتب کر لی گئی ہے،سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور انسدادِ جرائم کے لئے اڑھائی ہزار اہلکار ڈیوڈیاں دینگے،ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے عید پر پولیس ملازمین کی چھٹیاں بند کر دی ہیں اور کہا ہے کہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایس ایس پی ساجد کیانی کی زیر صدارت سیف سٹی سینٹر پر سیکیورٹی اور انسدادِ جرائم کے حوالے سے اجلاس سے ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان رینجرز ملازمین بھی سیکیورٹی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔علاوہ ازیں بم ڈسپوزل سکواڈ سے مختلف ایریاز کی چیکینگ کو یقینی بنایا جائے گا۔