جمعرات, 02 مئی 2024


اسٹاک مارکیٹ میں الٹی گنتی شروع ہو گئی

ایمز ٹی وی (بزنس)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںالٹی گنتی شروع ہو گئی، ملکی تاریخ میں بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑنے والی اسٹاک مارکیٹ پرگزشتہ ہفتے کے دوران مندی کے بادل چھائے رہے کے ایس ای 100 انڈیکس 4 بالائی حدوں سے نیچے گرتا 39400 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 23 ارب سے زائد روپے کی کمی ریکارڈکی گئی۔

گزشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا اور صرف 3 کاروباری دنوں میں انڈیکس میں 149.88 پوائنٹس کااضافہ دیکھنے میں آیا تاہم دو روزہ مندی میں انڈیکس 558.43 پوائنٹس گھٹ گیا۔گزشتہ ہفتے خریداری کے باعث کاروباری تیزی کے ساتھ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40200 پوائنٹس کی تاریخی بلندترین سطح پرجا پہنچا تھا جبکہ مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39400 پوائنٹس کی کم ترین سطح پربھی دیکھا گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق 40000ہزار پوائنٹس کی سطح پر مارکیٹ تکینکی کریکشن کی زد میں رہی ہے۔اسی سبب سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا جس کی وجہ سے مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی اور انڈیکس 39600، 39700، 39800 اور 39500 پوائنٹس کی 4 بالائی حدوں سے نیچے گر گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 408.55 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 39907.64 پوائنٹس سے کم ہوکر 39499.09 پوائنٹس پر آگیا۔ اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 138.78 پوائنٹس کی کمی سے 22566.23 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26570.02 پوائنٹس سے گھٹ کر 26493.06 پوائنٹس پر بندہوا۔ کاروباری اتار چڑھاؤ کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 23 ارب 30 کروڑ 78 لاکھ 92 ہزار 684 روپے کی کمی ریکارڈکی گئی۔

جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79 کھرب 58 ارب 29 کروڑ 33 لاکھ 56 ہزار 543 روپے سے کم ہوکر 79 کھرب 34 ارب 98 کروڑ 54 لاکھ 63 ہزار 859 روپے ہوگیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 24 کروڑ 31 لاکھ 61 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 15ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین21کروڑ86لاکھ38ہزارحصص رہا اور ٹریڈنگ ویلیو 10 ارب روپے تک محدود رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 1985کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے 818 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 1046 میںکمی اور 121 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ، دیوان موٹرز، دیوان سیمنٹ، دیوان سلمان، سوئی سدرن گیس کمپنی، ٹی آرجی پاک لمیٹڈ، پاک الیکٹرون، پاک سیمنٹ لمیٹڈ، پیس پاک لمیٹڈ اورنشاط چونیا سر فہرست رہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment