جمعرات, 02 مئی 2024


واہگہ بارڈرکے اطراف میں ملک کا پہلا ’’کسٹمز ٹریننگ اسکول قائم

ایمز ٹی وی (بزنس)پاکستان کسٹمز نے اپنے عملے کی عسکری اور پیشہ ورانہ تربیت کی غرض سے واہگہ بارڈر ایریا میں ملک کا پہلا ’’کسٹمز ٹریننگ اسکول‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔80 کنال اراضی پر تعمیر کیے جانیوالے اسکول میں سراغ رسانی، تلاشی کی تربیت دی جائیگی جبکہ جسمانی تریت کی مشقوں کیلیے ایکسرسائز بلڈنگز کے علاوہ فائرنگ رینج بھی تعمیر ہو گی۔

علاوہ ازیں علامہ اقبال ایئر پورٹ پر کسٹمز کے ’’ایئر فریٹ یونٹ‘‘ (اے ایف یو) میں سامان کی بلا رکاوٹ اور فوری کسٹم کلیئرنس کیلیے ’’الیکٹرونک کیو سسٹم‘‘ نصب کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق کلکٹرکسٹم (پریونٹیو) لاہور ذوالفقار یونس نے چیف کلکٹر کسٹم سینٹرل سے مشاورت کے بعد واہگہ میں کسٹم ٹریننگ اسکول کی تعمیر کیلیے ایف بی آر کو درخواست کر دی ہے جبکہ وفاقی محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے پی سی ون کیلیے کام شروع کردیا ہے۔

دس ایکڑ رقبے پر قائم ہونے اس اسکول میں کسٹم کے عملے کو مختلف پیشہ ورانہ امور کی تربیت کے علاوہ کمانڈو تربیت بھی دلائی جائیگی اور اس مقصد کیلیے پاک فوج کو انسٹرکٹر فراہم کرنے کی درخواست دی جائیگی۔ملک بھر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا کسٹم اسکول ہوگا۔ماضی بعید میں کراچی اور لاہور میں کسٹم پریونٹیو کے دو اسکول ہوا کرتے تھے مگر کئی دہائی قبل وہ بند ہوگئے۔

واہگہ میں کسٹم اسکول کی مختصر عمارت کو 1965 کی جنگ میں مورچے بنانے کی غرض سے رینجرز نے اپنی تحویل میں لیا تھا لیکن اس کے بعد آج تک یہ عمارت کسٹم کو واپس نہیں کی گئی جبکہ محکمہ کسٹم متعدد بار رینجرز کو تحریری مراسلے بھی ارسال کر چکا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کسٹم اہلکاروں کی تربیت کیلیے کوئی اسکول یا ادارہ موجود نہیں جس وجہ سے کبھی پاک فوج، کبھی ایف سی اور کبھی ریلوے پولیس سے تربیت کی درخواست کی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ کلکٹر کسٹم ذوالفقار یونس نے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر کسٹم اے ایف یو میں بد نظمی اور ہلڑ بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وہاں فوری طور پر ’’الیکٹرونک کیو سسٹم‘‘ نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔ امپورٹر، ایکسپورٹر اور کسٹم ایجنٹس کو اے ایف یو میں الیکٹرونک ٹکٹ دیا جائیگا اور وہ اسکرین پر اپنا ٹکٹ نمبر نشر ہونے پر ہی متعلقہ کاؤنٹر پر فائل لے جا سکیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment