اتوار, 19 مئی 2024


نئی آڈٹ پالیسی 2016 کی منظوری دے گئی


ایمز ٹی وی (تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی بورڈ ان کونسل 70 ہزار سے زائد ٹیکس دہندگان کا آڈٹ کرنے کیلیے بدھ کو نئی آڈٹ پالیسی 2016 کی منظوری دے گی۔ دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 23نومبر کو ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام ممبران شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئی آڈٹ پالیسی کی منظوری دی جائے گی، آڈٹ پالیسی پہلے سے ہی تاخیر کا شکار ہے اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو نے یکم نومبر کو بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں ٹیکس دہندگان کی پیرامیٹرک آڈٹ سلیکشن کرنے کی منظوری دی تھی۔

اجلاس میں نئی آڈٹ پالیسی کے مسودے کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ ان کونسل نے متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ آڈٹ پالیسی 2016 کے تحت ٹیکس دہندگان کو بے ترتیب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے بجائے پیرامیٹرک کی بنیاد پر ٹیکس ایئر 2015 کے آڈٹ کیلیے منتخب کیا جائے گا، اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے تمام ممبران کو ہدایت کی تھی کہ نئی آڈٹ پالیسی میں ٹیکس دہندگان کو آڈٹ کیلیے منتخب اور مستثنیٰ قرار دینے کے حوالے سے جو پیرا میٹرز تجویز کیے گئے ہیں ان کا جائزہ لے کر 2 دن کے اندر ممبر آڈٹ کو اپنی آرا و تجاویز پیش کریں تاکہ آڈٹ پالیسی 2016 کو حتمی شکل دی جاسکے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آڈٹ پالیسی کے مسودے کا جائزہ لیاگیا اور ممبر آڈٹ کی جانب سے بورڈ ان کونسل کی ہدایات کی روشنی میں مسودے کو حتمی شکل دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آڈٹ پالیسی کے تحت 70 ہزار سے زائد ٹیکس دہندگان کو پیرامیٹرک معیار کے مطابق آڈٹ کے لیے منتخب کر کے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آڈٹ پالیسی کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ آڈٹ کے دوران جو ٹیکس دہندگان ملکی ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جائیں گے اورمطلوبہ صلاحیت سے کم ٹیکس ادا کررہے ہونگے ان سے نہ صرف ٹیکس واجبات وصول کیے جائیں گے بلکہ جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

آڈٹ کا بنیادی مقصد ٹیکس چوری کے خلاف موثر کارروائی کرنا، اس رجحان کوکم کرنا اور ٹیکس بچانے کاباعث بننے والی خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کے تحت انکم ٹیکس آڈٹ کے لیے اسپیشل آڈٹ پینل تشکیل دے سکے گا، اسی طرح سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت سیلز ٹیکس آڈٹ اور ایف ای ڈی ایکٹ 2005کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی آڈٹ کیلیے ایف بی آر اسپیشل پینل تشکیل دے سکے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment