اتوار, 13 اکتوبر 2024


2 ہزار 485 میگاواٹ پن بجلی قومی نظام میں شامل

ایمز ٹی وی ( تجارت)واپڈا ملک میں پانی اور پن بجلی کے وسائل کو بھرپور ترقی دینے کیلئے پُرعزم ہے۔ 2017 ء کے اواخر سے 2018 ء کے وسط تک واپڈاکے تین زیرتعمیر منصوبے مکمل ہوجائیں گے اور اس دوران 2 ہزار 485 میگاواٹ پن بجلی قومی نظام میں شامل ہوگی جس کی بدولت وفاقی حکومت کے عزم کے مطابق ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ مذکورہ منصوبوں میں 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم، ایک ہزار 410 میگاواٹ کا تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ اور 106 میگاواٹ کا گولن گول شامل ہیں ۔ اپنی تکمیل پر ان تینوں منصوبوں سے ہر سال اوسطاً 9ارب 43 کروڑ 20 لاکھ یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی حاصل ہوگی۔

 

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا کے یہ تینوں منصوبے مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار تھے اور اپنی تکمیل کا مقررہ ہدف حاصل نہیں کر پائے تھے۔ اگست 2016 ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ)نے واپڈا کی ترجیحات کو ازسرِنو مرتب کیا تاکہ زیرتعمیر منصوبوں کو کم از کم مدت میں مکمل کیا جائے اور ساتھ ہی تعمیر کیلئے دستیاب مزید منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جاسکے۔ چیئرمین واپڈا کے مؤثر اقدامات اور باقاعدہ مانیٹرنگ سسٹم کی وجہ سے واپڈا منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے اور اب یہ منصوبے تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment