جمعہ, 17 مئی 2024


ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں تیل وگیس کی تلاش

 

ایمزٹی وی(تجارت)سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ آئندہ مالی سال کے دوران اپنے زیر انتظام علاقے میں ایل پی جی ایئرمکس کے 10نئے پلانٹس قائم کرے گی جبکہ تیل و گیس کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں تیل وگیس کی تلاش کے لیے 90 کنویں کھودے جائیں گے۔
دستیاب دستاویز کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کے شعبے کے لیے 28 نئے لائسنسوں کے اجرا کی تجویز دی ہے جس میں اسٹوریج و فلنگ کی مارکیٹنگ اور آپریشن کے لیے 20 لائسنسز شامل ہے جبکہ ایل پی جی کی ری فیولنگ اور اسٹوریج کے لیے 5 نئے لائسنس جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ساتھ ہی اوگرا نے ایل پی جی اسٹوریج، ایئر مکس پلانٹس کے آپریشن اور پائپ لائنوں کے ذریعے ایئرمکس ایل پی جی کی ڈسٹری بیوشن کے لیے 3 لائسنسوں کے اجرا کی سفارش کی ہے۔
دستاویز کے مطابق آئندہ سال کے دوران مختلف شعبوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایل این جی کی درآمد 9 ملین ٹن سالانہ تک بڑھ جائے گی اور درآمدی ایل این جی گیس کو استعمال میں لانے کے لیے آئندہ سال 600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے انتظام کے لیے تیسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔
دستاویز میں کہاگیا کہ گوادر میں ایل این جی ٹرمینل کی تعمیرکے لیے زمین کی خریداری سمیت دیگر لوازمات پورے کرنے کے بعد ٹرمینل کی تعمیر بھی شروع کر دی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق تیل و گیس کی طلب اور پیداوار کے فرق کو کم کرنے کے لیے آئندہ مالی سال کے دوران تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں 50 نئے کنویں کھودیں گی، نئے کنوؤں کی کھدائی کے علاوہ موجودہ 40 کنوؤں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں حکومت نے آئندہ سال کے لیے خام تیل کی پیداوار کا ہدف 34.45 ملین بیرل اور قدرتی گیس کی پیداوار کا ہدف 1.51ٹریلین کیوبک فٹ مقرر کیا ہے، اس ہدف کے حصول اور ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی وسائل کے ساتھ ساتھ ایل این جی درآمد کی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment