پیر, 06 مئی 2024


کسٹمزاہلکاروں کی تربیت فرنٹیئرکانسٹیبلری سے کرائی جائیگی

ایمزٹی وی(بزنس)25 کسٹم اہلکاروں کا پہلا دستہ گزشتہ روز پشاور میں قائم ایف سی کے تربیتی مرکز پہنچ گیا ہے جہاں انہیں ایک ماہ تک جدید ہتھیاروں کے استعمال،نشانہ بازی،دوبدو لڑائی اور مجرموں کے تعاقب کی تربیت دی جائے گی جبکہ کسٹم اہلکاروں کو اسنیپ چیکنگ کے جدید طریقوں سے بھی روشناس کروایا جائے گا۔ کلکٹر کسٹم لاہور ذوالفقار یونس نے آئندہ چند ماہ میں مرحلہ وار نظام کے تحت کسٹم پریوینٹیو لاہور کے 75 فیصد عملے کو ایف سی کی تربیت دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹم (پریونٹیو)لاہور ذوالفقار یونس نے چند ماہ قبل چارج سنبھالنے کے بعد اینٹی اسمگلنگ کے شعبے کی جدید خطوط پر تنظیم نو کیلیے منصوبہ بندی کی تھی جس کے تحت انہوں نے کسٹم لاہور کے اہلکاروں کی تربیت کیلیے مختلف اداروں سے رابطہ کیا اور ’’ایف سی‘‘کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت گزشتہ روز لاہور کسٹم کے کانسٹیبل سے انسپکٹر عہدے کے 25 اہلکاروں کا پہلا دستہ گزشتہ روز پشاور میں قائم ایف سی ٹریننگ سینٹر پہنچ گیا ہے جہاں وہ ایک ماہ تک تربیت حاصل کریں گے۔ ان اہلکاروں کے قیام وطعام کا انتظام بھی ایف سی سینٹر میں ہی کیا گیا ہے جبکہ کسٹم اہلکاروں کی تربیت قیام و طعام اورنشانہ بازی میں استعمال گولیوں کی قیمت کی مد میں کسٹم حکام کی جانب سے ایف سی کو معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔ کلکٹر کسٹم ذوالفقار یونس نے اینٹی اسمگلنگ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلیے ایک جدید ترین سافٹ ویئر کی تیاری کیلیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں جبکہ تیز رفتار گاڑیوں، جدید ترین اسلحہ، مواصلاتی نظام کی خریداری کیلیے بھی ایف بی آر سے فنڈز کی فراہمی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملتان روڈ پر واقع کسٹم ویئر ہاوس شاہ نور میں اینٹی اسمگلنگ کے شعبے کا سینٹرلائزڈ کنٹرول روم قائم کرنے کیلیے اقدامات جاری ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment